Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین سٹار کرکٹر وراٹ کوہلی 18 نمبر کی شرٹ کیوں پہنتے ہیں؟

وراٹ کوہلی نے جمعرات کو چار سال بعد آئی پی ایل میں سینچری سکور کی ہے۔ (فوٹو: وراٹ کوہلی ٹوئٹر)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سپرسٹار بیٹر وراٹ کوہلی دنیائے کرکٹ کے بے تاج بادشاہ مانے جاتے ہیں۔
وراٹ کوہلی نے کرکٹ کے میدانوں میں بے مثال کامیابیاں اپنے نام کی ہیں اور دنیا بھر میں کروڑوں افراد ان کے مداح ہیں۔
کھیلوں کی دنیا کے سپر سٹار کھلاڑیوں کے جرسی نمبر کو مقبول سمجھا جاتا ہے اور وہ جرسی نمبر ان کی شناخت بن جاتا ہے۔
اسی طرح اگر دائیں ہاتھ کے بیٹر کے جرسی نمبر کی نمبر بات کی جائے تو وہ 18 نمبر کی شرٹ پہنتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور کے سن رائزر حیدر آباد کے ساتھ میچ سے قبل وراٹ کوہلی نے اُن کی زندگی میں نمبر 18 کی اہمیت بتائی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ 18 نمبر انہیں پہلے ایسے ہی دیا گیا تھا تاہم وقت کے ساتھ ساتھ اس نمبر کے ساتھ اُن کا روحانی تعلق بن گیا۔
کنگ کوہلی نے سٹار سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سچ بتاؤں تو 18 نمبر مجھے ایسے ہی دیا گیا تھا جب میں نے پہلی مرتبہ انڈیا انڈر 19 کی جرسی کھولی جس کے پیچھے میرا نام اور نمبر لکھا ہوا تھا۔ میں نے انڈیا کے لیے اپنا ڈیبیو 18 اگست کو کیا تھا۔ میرے والد کا انتقال بھی 18 دسمبر 2006 کو ہوا تھا، تاہم مجھے یہ نمبر اُس سے پہلے ہی مل گیا تھا لیکن مجھے اس سے ایک روحانی تعلق لگتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو خوش قسمتی سمجھتے ہیں کہ فینز ان کے نام اور نمبر کی جرسی پہنتے ہیں۔
کوہلی نے مزید کہا کہ ’مجھے یہ دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ جب ہم میچ کھیلنے جاتے ہیں تو لوگوں کو میں اپنے نام اور نمبر کی جرسی پہنے دیکھتا ہوں۔ میرے لیے حیران کن ہے کیونکہ بچپن میں، میں اپنے ہیروز کی جرسی پہننا چاہتا تھا۔ میں اس پر شکر ادا کرتا ہوں اور یہ ایک موقع ہے جو خدا نے مجھے دیا ہے اور اس پر شکر ادا کرنا چاہیے۔‘
وراٹ کوہلی نے جمعرات کو چار سال بعد آئی پی ایل میں سینچری سکور کی ہے۔
انہوں نے سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف حیدرآباد دکن میں کھیلے گئے اہم میچ میں 63 گیندوں پر 100 رنز سکور کیے۔
کوہلی رواں آئی پی ایل میں 13 میچز میں 44 کی اوسط کے ساتھ 538 رنز بنا چکے ہیں۔

شیئر: