Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینسر سے لڑنے والی 60 سالہ مداح کو شاہ رخ خان کی ویڈیو کال

60 سالہ مداح نے شاہ رخ خان سے زندگی میں ایک مرتبہ ملنے کی تمنا کی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان نے حالیہ دنوں میں کینسر کا شکار اپنی 60 سالہ مداح کو ویڈیو کال کی ہے اور ان سے ملنے کا وعدہ کرتے ہوئے اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اُن کا مالی طور پر خیال بھی رکھیں گے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنی بیمار مداح سے ویڈیو کال پر بات کر کے ایک مرتبہ پھر سے دل جیت لیے ہیں۔
60 سالہ مداح نے اپنے ہیرو سے زندگی میں ایک مرتبہ ملنے کی تمنا کی تھی جس پر شاہ رخ خان نے انہیں ویڈیو کال کر کے سرپرائز دے دیا۔
کنگ خان کی شیوانی چکرابورتی نامی یہ مداح انڈیا کی ریاست مغربی بنگال کے علاقے خاردہ کی رہائشی ہیں جو کہ کئی سالوں سے ٹرمینل کینسر کا شکار ہیں۔
بطور شاہ رخ خان کی بڑی مداح وہ اپنے سٹار سے زندگی میں ایک مرتبہ ملنا چاہتی تھیں جس پر حیران کن طور پر انہیں شاہ رخ خان کی جانب سے ویڈیو کال موصول ہوئی جس کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈٰیا پر وائرل ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کی خبر کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنی مداح سے ویڈیو کال پر 40 منٹ تک بات کی۔
انہوں نے اپنی مداح سے بہت جلد ملنے کا وعدہ کیا اور ان کے علاج کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔
شیوانی کی بیٹی پرِیا نے کہا ہے کہ شاہ رخ خان نے اُن کی والدہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے اور اس شرط پر ان کے گھر آ کر ملنے کا کہا ہے کہ وہ انہیں بغیر کانٹوں کے مچھلی کا سالن کھلائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’شاہ رخ خان میری والدہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں گے۔ انہوں نے اُن کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں ںے میری والدہ سے وعدہ کیا کہ وہ میری شادی پر ہمارے گھر آئیں گے اور وہاں آ کر تازہ مچھلی کھائیں گے جس میں کانٹا نہیں ہوگا۔‘
شاہ رخ خان آخری مرتبہ رواں سال جنوری میں اپنی آل ٹائم بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ میں نظر آئے تھے۔ یہ فلم انڈین سنیما کی تاریخ کی سب سے کامیاب فلم ہے۔
دوسری جانب کنگ خان کی اگلی فلم ’جوان‘ 7 ستمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم کو جنوبی انڈیا کے ہدایتکار ایٹلی کمار بنا رہے ہیں، جبکہ اس میں شاہ رخ خان کے ساتھ نائنتھرا اور وِجے سیتھوپاتھی مرکزی کردار ادا کریں گے۔
اس کے بعد رواں سال کے آخر میں شاہ رخ خان کی ایک اور فلم ’ڈنکی‘ ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم کی ہدایتکاری راج کمار ہیرانی کر رہے ہیں، جبکہ شاہ رخ خان کے ساتھ اس فلم میں تاپسی پنو مرکزی کاسٹ میں شامل ہیں۔

شیئر: