Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وٹیلیٹی بلاسٹ کے پہلے میچ میں اُسامہ میر کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی

20 مئی سے آغاز ہونے والے وٹیلیٹی بلاسٹ کا فائنل 15 جولائی برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر اُسامہ میر نے انگلینڈ کی ڈومیسٹک ٹی20 لیگ وٹیلیٹی بلاسٹ میں اپنا کامیاب ڈیبیو کیا ہے۔
اُسامہ میر وٹیلیٹی بلاسٹ میں وورسیسٹرشائر ریپڈز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
بدھ کے روز نارتھمٹن میں کھیلے گئے وورسیسٹرشائر اور نارتھمٹن شائر کے درمیان میچ میں اُسامہ میر کی ٹیم وورسیسٹرشائر نے 15 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
وورسیسٹرشائر کی جانب سے لیگ سپنر نے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے سات گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 20 رنز کی مفید کیمیو اننگز کھیلی۔
اس کے بعد بولنگ کرتے ہوئے پاکستانی لیگ سپنر نے اپنی ٹیم کے لیے چار اوورز میں 21 رنز دے کر تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔
اُسامہ میر کا ٹی20 بلاسٹ میں یہ ڈٰیبیومیچ تھا۔
اس بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وورسیسٹرشائر ریپڈز کی جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’اُسامہ میر کی جانب سے ڈیبیو پر کیا متاثر کن کارکردگی دکھائی گئی۔ ٹاپ کلاس۔‘
ٹی20 بلاسٹ میں اُسامہ میر کے علاوہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، شان مسعود، شاداب خان، حیدر علی، ظفر گوہر اور زمان خان حصہ لے رہے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی کا رواں برس ٹورنامنٹ کے لیے ناٹنگھم شائر آؤٹ لاز سے معاہدہ ہوا ہے جبکہ حسن علی رواں سال واروک شائر کاؤںٹی کرکٹ کلب کی نمائندگی کریں گے۔
اسی طرح شان مسعود ٹورنامنٹ میں یارک شائر وائکنگز، شاداب خان سسکس شارکس اور حیدر علی ڈربی شائر کی جانب سے کھیلیں گے۔
بائیں ہاتھ کے سپنر ظفر گوہر رواں سیزن میں گلوسیسٹر شائر کاؤںٹی کرکٹ کلب کی نمائندگی کریں گے جبکہ زمان خان ڈربی شائر کی ٹیم کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
خیال رہے 20 مئی سے آغاز ہونے والے وٹیلیٹی بلاسٹ کا فائنل 15 جولائی برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: