Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں درآمدی اشیا اور مسافروں پر نئے ٹیکس لگانے کا فیصلہ

 تھیٹرز اور تفریحاتی مراکز کے حوالے سے بھی نئی فیس مقررکی گئی ہیں۔ ( فوٹو: امارات الیوم)
مصری پارلیمنٹ نے قوانین میں اصولی ترمیم کی منظوری دی ہے جس کے تحت بعض درآمدی اشیا پر ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ مصر سے آمدورفت پر مقامی شہریوں اور غیر ملکیو ں پر نئی فیس مقرر کی گئی ہے۔
 تھیٹرز اور تفریحاتی مراکز کے حوالے سے بھی نئی فیس مقرر کی گئی ہیں۔
امارات الیوم کے مطابق مصر میں اب مسافروں سے جس میں شہری اور غیر ملکی شامل ہیں 100 پونڈ فیس وصول کی جائے گی۔
یاد رہے کہ مصری پارلیمنٹ نے طے کیا ہے کہ بحیرہ احمر، جنوبی سینا اور اسوان اور مطروح کمشنریوں میں سیاحت کے لیے آنے والے غیر ملکیوں سے صرف 50 پونڈ فیس وصول کی جائے گی۔
اس فیس سے مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں، مصری شہریوں اور غیر ملکیوں کے سامان کو استثنی دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں مصر سے گزرنے والے ٹرکوں یا  ٹرانزٹ روٹس سے آنے جانے والے کارکنان کو بھی اس سے استثنی دیا گیا ہے۔
نئی ترمیم کے تحت  سالمون، جمبری اور الاستاکوزا مچھلی، تازہ پھلوں، میوہ جات، چاکلیٹ اور کافی نیز دستی گھڑیوں اور الیکڑانک آلات کی درآمد پر بھی فیس مقرر کی گئی ہے۔
مصری پارلیمنٹ میں بجٹ کمیٹی کے سیکریٹری یاسر عمر نے ترمیمی بل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’نئے ٹیکس اور فیس ملک کے مفاد میں ہیں۔ سرکاری خزانے کو پانچ ارب پونڈ کی آمدنی ہو گی۔‘
مصری پارلیمنٹ میں بجٹ کمیٹی کے سربراہ فخری الفقی نے مصری چینل سی بی ایس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک عرصے سے ایئرپورٹ پر مصری اور غیرملکیوں سے 50 پونڈ فیس لی جا رہی تھی جسے بڑھا کر 100 پونڈ کر دیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ترمیمی بل اتوار کو ایوان میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق مصر میں نئے ٹیکسوں اور فیسوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
بعض افراد کا خیال ہے کہ ’کیا وجہ ہے کہ یہ لوگ مختلف ملکوں میں دہرے ٹیکس دیتے ہیں اور کوئی اعتراض نہیں کرتے جبکہ قاہرہ ایئرپورٹ پر ٹیکس لگتا ہے تو اس کی مخالفت کرتے ہیں۔‘
دوسری رائے یہ ہے ٹیکس میں اضافہ درست نہیں۔

شیئر: