اسرائیل کی جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں مزید شدت لانے کی دھمکی
اسرائیل نے مشرقی لبنان کے پہاڑی علاقوں پر فضائی حملوں کا نئےسلسلے کا آغاز کیا۔ فوٹو: روئٹرز
اسرائیلی وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملے مزید تیز کیے جائیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ حزب اللہ آگ سے کھیل رہا ہے جبکہ لبنان کے صدر سست روی سے کام لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لبنان حکومت کی جانب سے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے اور اس کو ملک کے جنوبی حصے سے ہٹانے کی یقین دہانی پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اسرائیل کے شمالی علاقوں کے رہائشیوں کے لیے کسی قسم کا خطرے پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر دفاع کے بیان سے دو روز قبل اسرائیلی حملے میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل اسرائیل نے مشرقی لبنان کے پہاڑی علاقوں پر متعدد فضائی حملے جن میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے کہا تھا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے بیقاع کے علاقے میں واقع مشرقی پہاڑی سلسلے پر شدید فضائی حملوں کی نئی لہر شروع کی ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ مشرقی اور شمالی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جن میں ’ایک فوجی کیمپ اور میزائل تیار کرنے کی فیکٹری‘ شامل ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’بیقاع میں کئی دہشت گرد اہداف پر حملہ کیا جن میں ایک کیمپ بھی شامل ہے جہاں حزب اللہ کے جنگجوؤں کی تربیت کی جاتی تھی۔‘
