جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست، ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ انڈیا کے نام
دِپتی شرما نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور پانچ وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے فائنل میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
اتوار کو ممبئی کے ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔ اور انڈین ویمن کرکٹ ٹیم نے شفالی ورما کے 87 اور دِپتی شرما کے 58 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ٹیم کی جانب سے ایابونگا خاکا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
299 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان لورا ولوارٹ کے سوا باقی بیٹرز کچھ خاص نہ کر سکیں اور انڈین بولرز کے سامنے بے بس نظر آئیں۔ لورا نے 98 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
انڈیا کی جانب سے دِپتی شرما نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور پانچ وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ شفالی شرما نے بھی عمدہ آل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا جبکہ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دِپتی شرما کے نام رہا۔ دِپتی نے ٹورنامنٹ میں 22 وکٹیں لیں اور 215 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 125 رنز سے شکست دی تھی۔ جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا ویمن کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف 339 رنز کا بھاری ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔
