ایران اپنی جوہری تنصیبات کو دوبارہ تعمیر کرے گا، صدر مسعود پزشکیان
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ تہران اپنی جوہری تنصیبات کو ’زیادہ قوت کے ساتھ‘ دوبارہ تعمیر کرے گا، اور مزید کہا کہ ملک جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر تہران جون میں امریکہ کی جانب سے بمباری کا نشانہ بننے والی تنصیبات کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ ایران کے جوہری مراکز پر نئے حملوں کا حکم دیں گے۔
اتوار کو نسعود پزشکیان نے یہ بات ملک کی ایٹمی توانائی تنظیم کے دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے ایران کی جوہری صنعت کے اعلیٰ منتظمین سے ملاقات کی۔
ایرانی صدر نے سرکاری میڈیا سے کہا کہ ’عمارتوں اور کارخانوں کو تباہ کرنا ہمارے لیے کوئی مسئلہ پیدا نہیں کرے گا، ہم انہیں دوبارہ تعمیر کریں گے اور زیادہ قوت کے ساتھ کریں گے۔‘
مسعود پزشکیان نے ایران کی جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے کہا کہ ’یہ سب عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ہے، بیماریوں کے لیے اور عوام کی صحت کے لیے ہے۔‘
جون میں امریکہ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کیے تھے، جن کے بارے میں واشنگٹن کا کہنا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے پروگرام کا حصہ تھیں۔ تہران کا مؤقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر شہری مقاصد کے لیے ہے۔