Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان کے سکول میں طالبعلم کرنٹ لگنے سے بے ہوش، واقعہ کی تحقیقات

کلاس میں شارٹ سرکٹ کے باوجود حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے جازان ریجن کے ایک سکول میں سعودی طالبعلم  بجلی کا کرنٹ لگنے سے بے ہوش ہو گیا۔ واقعہ کی تفتیش کی جا رہی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سکول کے طالبعلم سطام فقیہ کے اہل خانہ نے جازان کے ابو عریش کے سکول میں واقعہ کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ’کلاس روم کی دیوار میں پانی رسنے کے باعث ایئرکنڈیشنڈ میں شارٹ سرکٹ سے کرنٹ آیا جس سے طالبعلم بے ہوش ہوکر گر گیا۔‘
سطام فقیہ کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ ’ہیلتھ  ورکر نے بچے کو ابتدائی طبی امداد دی اور نہ سکول انتظامیہ نے کوئی کارروائی کی۔‘
’واقعہ سے گھر والوں کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا بلکہ اسی سکول میں زیر تعلیم بچے کے بڑے بھائی کو بلایا جو سطام کو اپنی گاڑی میں ہسپتال لے گیا۔‘
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ’سکول سے ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں گاڑی میں اچانک آگ لگ گئی بعد ازاں راہگیروں نے بچے کو ہسپتال پہنچایا۔‘
اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ ’سکول انتظامیہ کو کلاس میں شارٹ سرکٹ کا علم تھا لیکن کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔‘
’مبینہ لاپرواہی کے باعث متاثرہ طالبعلم بے ہوش ہے اور امیر محمد بن ناصر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہے۔‘
علاوہ ازیں جازان میں محکمہ تعلیم کے ترجمان  نے کہا ہے کہ ’کلاس روم میں بچے کے کرنٹ لگنے کی اطلاع ملتے ہی اسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔‘
 ترجمان کے مطابق محکمہ تعلیم کے افسران نے طالبعلم کی خیریت بھی دریافت کی تھی۔ 
محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل نے شارٹ سرکٹ کے اسباب دریافت کرنے کے لیے فوری تحقیقات اور ہنگامی بنیادوں پر رپورٹ تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں بتایا جائے کہ واقعہ کیوں اور کیسے ہوا اور آئندہ ایسے واققات سے بچنے کے لیے سفارشات بھی دی جائیں۔

شیئر: