Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 عمان کے سلطان ہیثم کی ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای سے ملاقات

عمان کے سلطان کا 2020 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ایران کا پہلا دورہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے عمان کے سلطان سے ملاقات میں کہا ہے کہ ہم مصر کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال ہونے کا خیرمقدم کرتے ہیں جس سے خطے میں حالات معمول پر آنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
امریکہ کی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایران کے سرکاری میڈیا نے پیر کو رپورٹ کیا ہے کہ مصر اور ایران کے سفارتی رابطے برقرار رہنے کے باوجود گذشتہ دہائیوں میں دونوں ملکوں کے  تعلقات میں اکثر تناؤ رہا ہے۔
عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کے 2020 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ایران کا پہلا دورہ ہے۔ واضح رہے کہ مسقط طویل عرصہ سے تہران اور مغرب کے درمیان بات چیت کے لیے خدمات انجام دیتا رہا ہے۔
آیت اللہ علی خامنہ ای کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مصر سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
مصر اور ایران کے تعلقات کی بحالی سعودی عرب اور ایران میں برسوں سے جاری کشیدگی کے خاتمے کے بعد عمل میں آئی ہے۔
قبل ازیں مارچ میں سعودی عرب اور ایران نے چین کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
قاہرہ اقتصادی مدد کے لیے سعودی عرب اور تیل کی دولت سے مالا مال خلیجی ریاستوں پر انحصار کرتا ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر کے تبصرے پر مصر کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا اور قاہرہ میں عہدیداروں نے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

شیئر: