Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی خلابازوں کی 8 دن خلا میں رہنے کے بعد زمین پر آج واپسی

ناسا انٹرنیشنل سپیس سٹیشن سے خلابازوں کی واپسی کی براہ راست کوریج کرے گا (فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی خاتون خلاباز ریانہ برناوی اور ان کے ساتھی علی القرنی بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر آٹھ دن گزارنے کے بعد منگل کو زمین پر واپس پہنچ رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ناسا کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی خلابازوں نے خلائی سٹیشن پر مختلف قسم کے سائنسی تجربات کیے ہیں۔
ایگزیوم سپیس کے ذریعے 22 مئی کو شروع کیے گئے اس مشن میں شامل ریانہ برناوی خلائی سٹیشن پر جانے والی پہلی سعودی خاتون ہیں۔
امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے مطابق خلابازوں کی چار رکنی ٹیم منگل 30 مئی کو شام 3.05 بجے خلائی سٹیشن کو خیرباد کہے گا۔
خلائی مشن پر کمانڈر پیگی وٹسن اور پائلٹ جان شوفنز کے ساتھ مشن کے ماہرین کے طور پر علی القرنی اور خاتون خلا باز ریانہ برناوی جو سعودی عرب کی نمائندگی کر رہے ہیں اس مشن میں تقریباً 9 دن مکمل کریں گے۔
خلانوردوں کا سپیش شپ ایکس ڈریگن 300 پاؤنڈ سے زائد سامان کے ساتھ زمین پر واپس پہنچے گا، جس میں ناسا کے سائنسی آلات کے علاوہ 20 سے زیادہ مختلف تجربات کا ڈیٹا شامل ہوگا۔

22 مئی سے جاری اس مشن میں شامل ریانہ برناوی پہلی سعودی خاتون ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ناسا انٹرنیشنل سپیس سٹیشن سے خلابازوں کی واپسی کی لائیو کوریج کرے گا۔
قبل ازیں بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر اپنے آٹھ روزہ قیام کے دوران سعودی خلابازوں نے تجربات کا سلسلہ جاری رکھا جس میں سعودی طلباء کے ساتھ خلائی سٹیشن کی مائیکرو گریوٹی اور زمین کے بارے میں مطالعہ بھی کرایا گیا۔
واضح رہے کہ 1985 میں سعودی فضائیہ کے پائلٹ شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز نے امریکہ کے زیر اہتمام خلائی سفر میں حصہ لیا تھا جو خلا میں جانے والے پہلے سعودی بن گئے تھے۔
 

شیئر: