Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کے استقبالیہ میں شہزادی رجوہ نے اطالوی ڈیزائنر کا لباس زیب تن کیا

اردن کی نئی شہزادی رجوہ الحسین جمعرات کو اردنی ولی عہد حسین بن عبداللہ الثانی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد دوسری بار سرکاری استقبالیہ تقریب میں دکھائی دیں۔
دلہن رجوہ الحسین جن کا تعلق سعودی عرب سے ہے، نے تقریب میں شریک بین الاقوامی شاہی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے اور دیگر معززین کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر انہوں نے اٹلی کے مشہور برانڈ ڈولچی گبانہ کا چھوٹی آستینوں والا گاؤن زیب تن کر رکھا تھا۔
انہوں نے اس موقع پر فریڈ جیولری کے ڈیزائنر یان سیکارڈ کے ڈیزائن کردہ ہیروں کا تاج اور میچنگ بالیاں پہنی تھیں جس میں وہ دن آغاز میں دکھائی دی تھیں۔
ملکہ رانیہ جو شادی کی تقریب میں ڈیار کے لباس میں نظر آئی تھیں، انہوں نے عشائیے کی تقریب میں لبنان کے ایلی صاب کے کریم اور سنہری رنگ کا گاؤن پہنا تھا۔
تقریب کے مہمانوں میں دنیا بھر سے شاہی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ دیگر معززین بھی شریک ہوئے۔

تقریب میں دنیا بھر سے شاہی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی (فوٹو: عرب نیوز)

برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کے علاوہ امریکہ کی خاتون اول جل بائیڈن، قطر کی شیخہ بنت ناصر، ملائشیا کے بادشاہ اور ملکہ، نیدرلینڈز کے بادشاہ اور ملکہ، سپین کے بادشاہ اور ملکہ، لیگزمبرگ کے شہزادے سیباسچیئن، ولی عہد فریڈرک، ڈنمارک کی شہزادی میری، سویڈن کی شہزادی وکٹوریہ اور پرنس ڈینیئل بھی شریک ہوئے۔
شہزادی کیٹ میڈلٹن نے اس موقع پر برطانوی ڈیزائنز جینی پیکھم کا ڈیزائن کردہ گاؤن زیب تن کیا ہوا تھا۔
 

برطانوی شاہی خاندان بھی تقریب میں مدعو تھا۔ (فوٹو: عرب نوز)

دلہن رجوہ السیف نے شادی کے موقع پر لبنان کے مشہور ڈیزائنر ایلی صاب کا کلاسک سفید گاؤن پہنا تھا۔

شیئر: