Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ہدایت ؛ عازمین کی  بسوں کی  فٹنس کا خیال رکھا جائے

موسم گرما میں ہائی ویزپرٹائروں کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے عازمین حج کوفراہم کی جانے والی بس سروسز کی انتظامیہ کوہدایت کی ہے کہ بسوں کی فٹنس کا ہرطرح سے خیال رکھا جائے۔ ہائی وے پرسفر سے قبل ڈرائیورز بس کے ٹائروں کا باریک بینی سے جائزہ لیں۔
اخبار 24 کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے عازمین حج کی سلامتی اورحفاظت کویقینی بنانے کے لیے حج سیزن کے دوران عازمین کوٹرانسپورٹ سہولت فراہم کرنے والی کمپنیوں کو جاری ہدایات میں کہا ہے کہ شاہراہوں پرٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے سب سے اہم نکتہ گاڑیوں اوربسوں کے ٹائرز ہیں جومکمل طورپردرست ہونا چاہئیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عازمین کی بسوں میں لگائے گئے ٹائرز نئے اوران میں کسی قسم کا نقص نہ ہو۔ ایکسپائری تاریخ والے ٹائرخواہ نئے ہی کیوں نہ ہوں قطعی طورپراستعمال نہ کیے جائیں۔
جاری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ بسوں کے ڈرائیورز کو چاہئے کہ وہ ٹائروں میں ہوا کا تناسب برقرار رکھیں اوروقتا فوقتا ٹائروں کو چیک کرتے رہیں۔
واضح رہے موسم گرما میں ہائی ویز پربیشتر حادثات ٹائروں کے پھٹنے سے رونما ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے علاوہ ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی لوگوں کو اس حوالے سے آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ ہائی ویز پرسفر کرنے سے قبل اپنی گاڑیوں کے ٹائروں کا خاص خیال رکھیں۔

شیئر: