Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی چڑیا گھر: ہتھنی مدھوبالا کی میڈیکل رپورٹ موصول، ’خون میں معمولی انفیکشن‘

حیوانات کے لیے کام کرنے والی تنظیم فور پاز نے ہتھنی مدھوبالا کی بیماری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ (فوٹو: فور پاز)
کراچی چڑیا گھر میں موجود ہتھنی مدھوبالا کے خون کے نمونوں کی رپورٹ آ گئی ہے جس کے مطابق وہ صحت مند ہے البتہ خون میں ہلکا انفیکشن سامنے آیا ہے جس کا علاج جاری ہے۔
ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر کنور ایوب نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا 15 روز بعد دوبارہ ٹیسٹ کروائے جائیں گے جس کے بعد ہتھنی کو چڑیا گھر سے سفاری پارک بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مدھوبالا کے خون کے نمونوں کی رپورٹ گزشتہ روز موصول ہو گئی تھی۔
’رپورٹ کے مطابق ہتھنی کے خون میں ہلکا سا انفیکشن ہے جس کا علاج پہلے سے چل رہا ہے۔‘
کنور ایوب کے مطابق ہتھنی صحت مند اور فعال ہے۔ اس کی خوراک اور صفائی ستھرائی سمیت دیگر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر نے مزید کہا کہ مدھوبالا کی رپورٹ آنے سے قبل ہی ہاتھی گھر میں جراثیم مار سپرے کیا جا رہا تھا۔ اس کے علاوہ تمام پرانی زنگ آلود جنگلوں پر رنگ بھی کیا جا چکا ہے۔ ساتھ ساتھ پورے چڑیا گھر کے پنجروں کو پانی سے دھونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دوسری جانب حیوانات کے لیے کام کرنے والی تنظیم فور پاز نے ہتھنی مدھوبالا کی بیماری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فور پار کی جانب سے ہتھنی کی دیکھ بھال کے لیے نمائندہ بھی پاکستان بھیجا جا رہا ہے تاکہ اس کی بہتر انداز سے دیکھ بھال کی جا سکی۔
یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں کراچی چڑیا گھر میں 17 سالہ نور جہاں نامی ہتھنی کی موت ہوئی تھی۔ جس کے بعد اس کی ساتھی ہتھنی مدھوبالا کے خون نمونے حاصل کیے گئے تھے۔

شیئر: