سعودی قیادت کا ٹرین حادثے میں ہلاکتوں پر انڈیا کی صدر سے اظہار تعزیت
تصادم میں مرنے والوں کی تعداد 288 سے زائد ہے، 900 مسافر زخمی ہوئے ہیں( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاست اوڈیشہ میں ٹرین کے حادثے پر انڈیا کی صدر دروپدی مومو سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے انڈیا کی ریاست اوڈیشہ میں ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم میں مرنے والوں کی تعداد 288 سے زائد ہے جبکہ 900 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔
حادثہ جمعے کی شام کو بھونیشور سے تقریباً 200 کلومیٹر دور بالاسور کے علاقے میں پیش آیا۔ مسافر ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
اس دوران پیچھے سے آنے والی ایک اور ٹرین بھی اس سے ٹکرا گئی۔ ایک تیسری مال گاڑی بھی حادثے کی لپیٹ میں آئی۔
اس حادثے کو انڈیا کے حالیہ برسوں کا مہلک ترین حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے انڈیا کے صدر کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے جس میں کہا گیا کہ’ ریاست اوڈیشیہ میں ٹرینوں کے تصادم اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ہم اس دکھ میں آپ کے ساتھ شریک ہیں‘۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے انڈیا کی صدر، عوام، مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی انڈیا کے صدر کو اپنے تعزیتی پیغام میں تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔