انڈیا میں ٹرین حادثہ: مرنے والوں کی تعداد 288 ہو گئی، 800 سے زائد زخمی
انڈیا میں ٹرین حادثہ: مرنے والوں کی تعداد 288 ہو گئی، 800 سے زائد زخمی
ہفتہ 3 جون 2023 5:41
انڈیا کی ریاست اوڈیشہ میں دو ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 288 سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 800 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق حادثہ جمعے کی شام کو بھونیشور سے تقریباً 200 کلومیٹر دور بالاسور کے علاقے میں پیش آیا اور مسافر ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
اس دوران پیچھے سے آنے والی ایک اور ٹرین بھی اس سے ٹکرا گئی۔
اوڈیشہ کے چیف سیکریٹری پی کے جینا کا کہنا ہے کہ ایک تیسری مال گاڑی بھی حادثے کی لپیٹ میں آئی۔
حادثے کو انڈیا کے حالیہ برسوں کا مہلک ترین حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والی ٹرینز میں بنیگالورو ہوراھ سپرفاسٹ ایکسپریس، شالیمار چنائی سینٹرل کورومینڈل ایکسپریس اور ایک ایک مال گاڑی شامل ہیں۔
اوڈیشا کے چیف سیکریٹری پی کے جینا حادثہ کولکتہ کے جنوب میں 250 کلومیٹر فاصلے پر واقع ضلع بالاسور میں شام تقریباً سات بجے ہوا۔
حادثے کے بعد سکیورٹی آپریشن شروع کر دیا گیا تھا جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ مرنے والوں اور زخمیوں کو قریبی شہروں کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا اور تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
اوڈیشا کے چیف سیکریٹر نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں اوڈیشا ڈیزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس، 15 فائر بریگیڈ ٹیمیں، 30 ڈاکٹرز، 200 پولیس اہلکار اور 60 ایمبولینسز حصہ لے رہی ہیں۔
وزیراعلٰی نوین پاتینک نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک روزہ سوگ منانے کا اعلان بھی کیا ہے۔
وزیر ریلوے ایشونی ویشنا نے حادثے کے تھوڑی دیر بعد ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’ریسکیو آپریشن کے لیے ایئرفورس طلب کر لی ئی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’جائے حادثہ کی طرف جا رہا ہوں۔ میری دعا ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں اور مرنے والوں کے خاندان والوں سے تعزیت کرتا ہوں۔ امدادی ٹیمیں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے مرنے والوں کے لیے 10 لاکھ ، شدید زخمیوں کے لیے دو لاکھ اور معمولی زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور مرنے والوں کے خاندان کے لیے دو لاکھ اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کا اعلان کیا ہے۔
مغربی بنگال کی وزیراعلٰی ممتا بینرجی نے حادثے کے بعد ٹویٹ میں لکھا کہ وہ چیف سیکریٹری اور دوسرے حکام کے ساتھ مل کر خود صورت حال جا جائزہ لے رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد طویل سفر کرنے والی 18 ٹرینوں کی سروس کو معطل کر دیا گیا ہے۔