Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کے سربراہ سے سوڈان اور اقوام متحدہ کے حکام کی ملاقات

انسانی اور امدادی امور پر تعاون اور ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے جنرل سپروائزر ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے سعودی عرب میں جنوبی سوڈان کے سفارت خانے کے انچارج ڈی افیئرز سفیر خامس ہاجر سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض میں ہونے والی ملاقات میں فریقین نے انسانی اور امدادی امور پر تعاون اور ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے اسسٹنٹ جنرل سپروائزر برائے آپریشنز اور پروگرامز احمد بن علی البائزنے مملکت میں اقوام متحدہ کی ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ریٹا کولمبیا سے ملاقات کی۔
انہوں نے جاری امدادی منصوبوں اور دنیا بھر میں کمزور گروہوں کی مدد کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر ریٹا کولمبیا نے اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو اپنا کام انجام دینے کے لیے ضروری امداد اور سہولیات فراہم کرنے میں سعودی حکومت کے اہم کردار کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی دنیا بھر میں پروجیکٹ کے کام کے لیے بھی تعریف کی۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 91 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 374 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6.2 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 370 ملین ڈالر، شام میں 367 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 232 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔

شیئر: