Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوم میں کارکنان کے لیے دس ہاوسنگ کمپلکس تعمیر کیے جائیں گے

ہاوسنگ کمپلکس کی تعمیر کے لیے سعودی کمپنیوں کا انتخاب کیا گیا ہے( فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی عرب کے جدید شہر نیوم میں بڑھتی ہوئی افرادی قوت کے لیے دس ہاوسنگ کمپلکس 21 ارب ریال  سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیے جائیں گے۔
نیوم میں بنیادی سماجی ڈھانچے کا منصوبہ نافذ کرنے کے لیے سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدے طے پاگئے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر مل  کر رہائشی منصوبہ تعمیرکریں گے۔ یہ دونوں سیکٹرز کے درمیان رہائش کے شعبے میں دنیا کے بڑے  شراکتی منصوبوں میں سے ایک ہوگیا  ہے۔ 
معاہدے پہلے مرحلے کے حوالے سے ہوئے ہیں۔ ان کے تحت نیوم میں 95 ہزار کارکنان کو دس ہاوسنگ کمپلکس میں رہائش دی جائے گی۔ 
ہاوسنگ کمپلکس میں صحت نگہداشت کے ادارے، فائر بریگیڈ سٹیشن، سپورٹس گراؤنڈز، کرکٹ، ٹینس، والی بال، باسکٹ بال، سوئمنگ پول، اور مختلف تفریحی سہولتیں مہیا ہوں گی۔  
پہلے مرحلے میں سعودی عرب کی الفنار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کمپنی، المطلق ریئل سٹیٹ انویسٹمنٹ کمپنی ( ایرک) اور نسما ہولڈنگ کمپنی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں المجال العربی گروپ اور سعودی عریبین کمپنی برائے تجارت و تعمیرات (ساتکو)  کو ٹھیکے دیے گئے ہیں۔ 
نیوم کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر نظمی النصر کا کہنا کہ نیوم نے عارضی ہاوسنگ کمپلکس چلانے اور بنانے کے لیے سعودی عرب کی نمایاں ترین کمپنیوں کا انتخاب کیا ہے۔ 

شیئر: