مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی بسوں کی رہنمائی کےلیے ٹرینڈ گائیڈ
وزارت حج و عمرہ عازمین کی منتقلی کی براہ راست نگرانی کررہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حج سیزن کے انتظامات کے تحت بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کو بسوں کے ذریعے ان کی رہائش پر پہنچایا جا رہا ہے۔
مکہ مکرمہ میں بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کے لیے بس گائیڈ سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ سندی نے بتایا کہ ’ادارے نے ٹرینڈ گائیڈز کے ذریعے حج بسوں کی رہنمائی کی‘۔
’ٹرینڈ گائیڈز کو سمارٹ آلات فراہم کیے گئے تاکہ جی پی ایس کی بدولت بسیں اپنی منزل پر پہنچ سکیں‘۔
عبداللہ سندی نے کہا کہ ’سینٹر نے دو لاکھ 48 ہزار 634 عازمین حج کو 4412 بسوں کے ذریعے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کر چکا ہے‘۔
’ان میں سے 68903 عازمین حج کو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور جدہ اسلامی بندرگاہ سے مکہ مکرمہ منتقل کیا گیا‘۔
علاوہ ازیں مدینہ منورہ سے 2705 بسوں کے ذریعے 179731 عازمین حج کو سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔ بسوں کا یومیہ اوسط 900 سے زیادہ رہا۔
عبداللہ سندی نے بتایا کہ’ سینٹر معلمین کی کمپنیوں کی رابطہ کونسل کے تحت بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ کی شراکت سے کام کررہا ہے۔ وزارت حج و عمرہ اس کی براہ راست نگرانی کررہی ہے‘۔