انڈیا میں نوجوان کو زندہ جلا دیا گیا، ’ملزم بہن کو ہراساں کر رہا تھا‘
انڈیا کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش کے باپٹلا ضلع میں 10ویں جماعت کے طالب علم کو مبینہ طور پر ایک شخص نے زندہ جلا دیا جو اُن کی بہن کو ہراساں کر رہا تھا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 15 سالہ امرناتھ کو جب ایمبولینس میں ہسپتال لے جایا جا رہا تھا تو انہوں نے تین لوگوں کے نام بتائے جن میں ’وینکی‘ نامی شخص بھی شامل ہے۔
اُن کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ نوجوان کو پٹرول چھڑکنے کے بعد زندہ جلا دیا گیا۔ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے امرناتھ نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔
امرناتھ کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ 21 سالہ شخص وینکٹیشور ان کی بہن کو ہراساں کر رہا تھا جس پر دونوں میں جھگڑا ہو گیا۔
باپٹلا پولیس افسر وکول جندال نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکچوئل آفینسز ایکٹ (پی او سی ایس او) کے تحت ایک اور مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے کیونکہ مقتول کی بہن جسے وینکٹیشور نے مبینہ طور پر ہراساں کیا تھا، نابالغ ہے۔
مسٹر جندال کا کہنا تھا کہ وہ ملزم سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔