Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں یوم آزادی سے قبل فائرنگ کے واقعات میں 10 ہلاک، 38 زخمی

2023 میں 340 سے زیادہ فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ (فوٹو: اے پی)
امریکہ کے یوم آزادی سے قبل فلاڈیفیا، بالٹی مور اور فورٹ ورتھ میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے تین واقعات میں دس افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو پولیس نے کہا ہے کہ چار جولائی کو امریکہ کی یوم آزادی کی تعطیل کے موقعے پر فورٹ ورتھ میں ایک فیسٹیول کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور آٹھ کو زخمی ہوئے۔
مقامی پولیس کے مطابق پیر کی شام کو فیلاڈیفیا میں فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ زخمی افراد میں دو اور 13 سال کے بچے بھی شامل ہیں۔ مشتبہ شخص نے اے آر 15 سے لوگوں پر فائرنگ کی۔
پیر ہی کی شام کو بالٹی مور میں ایک مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے تھے۔ زخمی افراد میں زیادہ تر بچے تھے۔
فائرنگ کے واقعات کے محرک کا تاحال تعین نہیں ہو سکا۔
امریکہ بڑے پیمانے پر ہونے والے فائرنگ کے واقعات سے نمٹنے کے لیے کوشش کر رہا ہے۔
گن وائلنس آرکائیو کے مطابق 2023 میں 340 سے زیادہ فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
امریکی صدر نے فائرنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکہ کی ’گن پالیسی‘ کو مزید سخت کریں گے۔

بالٹی مور میں ایک مسلح شخص کی اندھا دھند فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے پی)

صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہماری قوم نے ایک مرتبہ پھر المناک واقعات کا سامنا کیا ہے۔
انہوں نے ریپبلکن کے قانون سازوں سے مطالبہ کیا کہ آئیں اور بامعنی اصلاحات پر مذاکرات کریں۔
فلاڈیفیا کے عہدیداروں نے ریاست اور وفاقی قانون سازوں سے اپیل کی ہے کہ فائرنگ کے واقعات سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔
فلاڈیفیا کے میئر جِم کیننی جو ایک ڈیموکریٹ ہیں، پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگرس سے درخواست کی کہ لوگوں کی زندگیاں بچائیں اور ہتھیاروں کے مسئلے کے لیے کچھ کریں۔
شہر کے ضلعی اٹارنی لیری کریسنر نے فیلاڈیفیا کی قانون سازوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نیوجرسی اور ڈیلاویئر کی طرح ہتھیاروں سے متعلق قانون سازی کریں۔
انہوں نے کہا کہ ان ریاستوں کی طرح قانون سازی کرنے سے کچھ فرق پڑ سکتا ہے۔

شیئر: