انڈیا کی سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے حیدرآباد میں اپنی ٹینس اکیڈمی کی زمین پر مسجد کی تعمیر سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت جاری کر دی ہے۔
ثانیہ مرزا نے اپنے والد عمران مرزا کا بیان انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کیا جس میں انہوں نے ان خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ٹینس اکیڈمی کی زمین پر کوئی مسجد تعمیر نہیں کی جا رہی۔‘
عمران مرزا کے مطابق ’سوشل میڈیا پر ثانیہ مرزا اور سابق انڈین کرکٹ کپتان محمد اظہرالدین کی ایک تصویر بھی گردش کر رہی ہے جو ان کے بقول مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم، انڈین ٹینس سٹار کیا کہتی ہیں؟Node ID: 884264
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب نازیہ الٰہی خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں ثانیہ مرزا کی جانب سے مسجد کے لیے زمین عطیہ کرنے سے متعلق خبروں پر سوالات اٹھائے۔
اس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیر بحث آ گیا۔
اپنے بیان میں عمران مرزا نے کہا کہ ’ثانیہ مرزا یا ان کے خاندان کی خریدی گئی زمین کو کس مقصد کے لیے استعمال کیا جائے، اس کا فیصلہ کرنے کا حق انہیں حاصل ہے۔‘ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ’جس زمین پر ثانیہ مرزا ٹینس اکیڈمی قائم ہے، وہاں مسجد تعمیر نہیں کی جا رہی۔‘
When tennis player Sania Mirza decided to get married, she chose Pakistan! And when it came to donating land, she chose a mosque! Yet, she earned her name, fame, and wealth from India’s more than 1.2 billion Hindus! @MirzaSania https://t.co/62EPqsBy4c
— Nazia Elahi Khan (@NaziaElahiKhan3) October 28, 2026
انہوں نے مزید کہا کہ ’ثانیہ مرزا ماضی میں جو فلاحی کام کر چکی ہیں یا مستقبل میں کریں گی، وہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔‘
ان کے مطابق ’ثانیہ کی تصدیق کے بغیر ان کے فلاحی کاموں سے متعلق دعوؤں کو عام نہیں کیا جانا چاہیے۔‘
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا نے سنہ 2023 میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ وہ اپنے کیریئر کے دوران چھ گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیت چکی ہیں اور انڈیا کی نمایاں ٹینس کھلاڑیوں میں شمار ہوتی ہیں۔












