Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ ، مدینہ کی الھجرہ شاہراہ پرحد رفتار میں تبدیلی

حد رفتار میں کمی کے لیے آگاہی بورڈز نصب کیے جارہے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ کوجوڑنے والی معروف شاہراہ ’الھجرہ‘ کے بعض مقامات پرحد رفتار کو 140 سے کم کرکے 120 کلومیٹرفی گھنٹہ کردیا گیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق حد رفتار میں کی جانے والی کمی کی نشاندہی کرنے کےلیے مقررہ مقامات پرآگاہی بورڈز نصب کیے جارہے ہیں۔
حد رفتار میں کمی کا مقصد بڑھتے ہوئے حادثات پرقابوپانا ہے۔ ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے حد رفتار میں کمی ان مقامات پرکی گئی ہے جہاں حادثات کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
ہائی وے اتھارٹی نے الھجرہ شاہراہ پرہونے والے حادثات کا جائزہ لینے کے بعد پانچ مقامات پرحد رفتار کوکم کرنے کافیصلہ کیا ہے جن میں تین مقامات مدینہ منورہ کی حدود میں ہیں جبکہ دیگر 2 مقامات میں سے ایک آدھے راستے میں جبکہ دوسرا آخر کی جانب ہے۔
واضح رہے چند برس قبل مملکت کی بعض شاہراہوں پرٹریفک کےلیے انتہائی حد رفتار کو 120 سے بڑھا کر140 کلو میٹرفی گھنٹہ کردیا گیا تھا۔

 الھجرہ شاہراہ کا شمارانتہائی مصروف شاہراہوں میں ہوتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

حد رفتار میں اضافہ شاہراہوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا تاہم بعض شاہراہیں جہاں موڑ زیادہ تھے وہاں حد رفتار میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔ جدہ سے مکہ مکرمہ جانے والی شاہراہ پربھی حد رفتار 120 کلومیٹرفی گھنٹہ ہی مخصوص ہے کیونکہ یہ  سب سے زیادہ مصروف رہنے والی شاہراہ ہے جہاں سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین اورحجاج کے قافلوں کی آمد رفت کےعلاوہ عام لوگوں کا بھی گزرہوتا ہے۔

شیئر: