ہماری حکومت کے 15 ماہ تو امریکہ سے تعلقات ٹھیک کرنے میں لگ گئے: شہباز شریف
ہفتہ 15 جولائی 2023 15:51
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’امریکہ کے ساتھ تعلقات ٹھیک کرنے میں وزیر خارجہ اور وزارت خارجہ کی کوششیں شامل ہیں۔‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’ہماری حکومت کے 15 ماہ تو امریکہ سے تعلقات ٹھیک کرنے میں لگ گئے۔‘
سنیچر کو گورنر ہاؤس لاہور میں تاجروں اور صنعت کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’بدقسمتی سے گذشتہ حکومت نے جو امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات کو کاری ضرب لگائی تھی، بالکل عاقبت نااندیشی کی وجہ سے اور انتہائی محدود سوچ کے حوالے سے، اس کو اس مخلوط حکومت نے تعلقات ہموار کرنے کے حوالے سے دن رات ایک کیا ہے۔‘
’اور جہاں پر میں اپنے بہترین دوستوں کو ذکر کرتا ہوں وہاں پر میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ پچھلے 15 ماہ میں ہم نے امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو، پہلے جو خراب ہو گئے تھے انہیں ٹھیک کرنے اور معمول پر لانے میں دن رات ایک کیا ہے۔ اس میں وزیر خارجہ اور وزارت خارجہ کی کوششیں شامل ہیں۔‘
خیال رہے کہ دو روز قبل جمعرات کو امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’وہ اِس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے قرض پروگرام کی بحالی کا خیرمقدم کیا تھا۔
وزیراعظم نے آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے کہا کہ یہ اس لحاظ سے بہت بڑی کامیابی ہے کہ ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے ہیں لیکن اس حساب سے کوئی کامیابی نہیں کہ ہم نے کوئی بہت بڑا معرکہ مارا ہے۔ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے، یہ بذات خود ایک حقیر خدمت ہے قوم کی اس ملک کی اور اس میں سب نے اپنا حصہ ڈالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب سے دو ارب ڈالر ہمارے قومی خزانے میں آ چکے ہیں۔ ایک ارب ڈالر متحدہ عرب امارات سے قومی خزانے میں آ چکا ہے۔ پرسوں آئی ایم ایف کے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر بھی آ چکا ہے۔ ان سب سے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔‘