Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی خاتون سیما حیدر سے انڈیا میں محکمہ انسداد دہشتگردی کی تفتیش

سیما حیدر سے اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں نامعلوم مقام پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آن لائن ویڈیو گیم ’پب جی‘ کے ذریعے انڈین شہری سے دوستی کر کے انڈیا جانے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر سے محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پاکستان سے اپنے چار بچوں کے ساتھ انڈیا آ کر سچن مِینا نامی شخص کے ساتھ رہنے والی سیما غلام حیدر سے اترپردیش پولیس کا محکمہ انسداد دہشت گردی کا سکواڈ تفتیش کر رہا ہے۔
سیما حیدر نے سچن مِینا سے آن لائن ویڈیو گیم پب جی کے ذریعے دوستی کی تھی۔
سچن مِینا، ان کے والد اور سیما حیدر سے اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں نامعلوم مقام پر تفتیش کی جا رہی ہے۔
اتر پردیش پولیس کے مطابق 30 برس کی سیما اور 22 برس کے سچن دارالحکومت نئی دہلی کے قریب نوئیڈا میں رہتے ہیں جہاں سچن کریانے کا سٹور چلاتے ہیں۔ اِن دونوں کی 2019 میں ’پب جی‘ پر دوستی ہوئی تھی۔
سیما کو چار جولائی کو ویزے کے بغیر نیپال کے راستے انڈیا آنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ اُن کے ساتھ چار بچے بھی تھے جن کی عمریں سات برس سے کم تھیں جبکہ سچن کو پولیس نے خاتون کو غیرقانونی طور پر پناہ دینے پر گرفتار کیا تھا۔
چار جولائی کو ہی دونوں نے میڈیا پر ایک دوسرے سے محبت کا اعتراف کیا تھا اور انڈین حکومت سے التجا کی تھی کہ انہیں شادی کرنے اور ملک میں رہنے کی اجازت دی جائے۔
رواں ماہ کے آغاز میں سیما نے این ڈی ٹی وی کو بتایا تھا کہ ’میرے شوہر ہندو ہیں تو میں بھی ہندو ہوں۔ میں اپنے آپ کو اب انڈین سمجھتی ہوں۔

سیما حیدر کو چار جولائی کو ویزے کے بغیر نیپال کے راستے انڈیا آنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب ایک ویڈیو پیغام میں سیما کے پاکستانی شوہر غلام حیدر نے انڈین حکومت سے درخواست کی ہے کہ انہیں اُن کی اہلیہ سے ملنے دیا جائے۔ تاہم خاتون نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ واپس اپنے پاکستانی شوہر کے پاس نہیں جانا چاہتی ہیں اور اگر انہیں پاکستان بھیجا گیا تو وہ خود کشی کر لیں گی۔‘
اسی اثناء میں ممبئی پولیس کو نامعلوم شخص کی جانب سے دھمکی آمیز کال موصول ہوئی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر سیما کو واپس اُن کے ملک (پاکستان) نہ بھیجا گیا تو اس صورت میں 26 نومبر 2008 میں ممبئی حملوں کی طرح حملہ کیا جائے گا۔

شیئر: