Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹرنیٹ پر مشہور ہونے والے ارشد ’چائے والا‘ نے لندن میں کیفے کھول لیا

پاکستانی شہری ارشد خان عرف چائے والا 2016 میں انسٹاگرام پر مقبول ہوئے (فائل فوٹو: جیاہ علی انسٹاگرام)
سنہ 2016 میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مشہور ہونے والے پاکستانی شہری ارشد خان عرف چائے والا نے لندن میں اپنا نیا کیفے کھول لیا ہے۔
سنہ 2016 میں اپنی خوب صورت لُک کے باعث انسٹاگرام پر وائرل ہونے والے ارشد خان نے ایسٹ لندن کے علاقے اِلفورڈ لین میں اپنا نیا کیفے کھولا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایسٹ لندن کے اِس علاقے میں انڈیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے تارکین وطن افراد کی تعداد زیادہ ہے۔ 
اس کیفے میں جنوبی ایشیا کے روایتی اور تقافتی عناصر ہیں جس میں ٹرک آرٹ سے لے کر ہاتھ سے سجایا گیا ویسپا بھی شامل ہے۔
کیفے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ارشد خان ’چائے والا‘ کہتے ہیں کہ ’میرا لندن جانے کا ارادہ بن رہا ہے اور میں وہاں جا کر اپنے مداحوں کے لیے چائے بنانا بہت پسند کروں گا۔‘
’ہماری چائے کی پہلی دکان اِلفورڈ لین پر کھل چکی ہے وہاں سے ردِعمل ابھی سے بڑا مل رہا ہے۔‘
چائے والا کیفے کو باقاعدہ ڈیزائن کر کے بنایا گیا ہے جس کا مقصد جنوبی ایشیا کی ثقافت کو اُجاگر کرنا ہے اور وہاں پر موجود دیسی تارکین وطن کو اصلی چائے کیفے سے دوبارہ ملانا ہے۔
انسٹاگرام سے شہرت ملنے کے بعد ارشد خان کو ملک بھر کے ٹی وی چینلز پر بھی خوب شہرت ملی تھی۔ انہوں نے اشتہارات میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ اداکاری اور ماڈلنگ بھی کی۔
اپنی شہرت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں 2020 میں ’کیفے چائے والا رُوف ٹاپ‘ کے نام اپنا ریستوران بھی کھولا۔
اُردو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے مشہور نام ’چائے والا‘ کی اُن کے دل میں خاص جگہ ہے۔ یہ اُن کی شناخت کا اہم حصہ ہے۔ 

شیئر: