Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فٹبال کلب الہلال نے کیلین مباپے کے لیے 30 کروڑ یورو کی بولی لگا دی

کیلین مباپے فرانس کی فٹبال لیگ ’لیگ ون‘ کی ٹیم پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے لیے کھیلتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے فٹبال کلب الہلال نے فرانسیسی فٹبالر کیلین مباپے کو خریدنے کے لیے 30 کروڑ یورو کی بولی لگا دی ہے۔
خبر رساں اداروں روئٹرز اور اے پی کے مطابق پیر کو فرانسیسی سٹرائیکر کیلین مباپے کے لیے سعودی فٹبال کلب الہلال نے 30 کروڑ یورو کی ریکارڈ بولی لگائی ہے۔
کیلین مباپے فرانس کی فٹبال لیگ ’لیگ ون‘ کی ٹیم پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے لیے کھیلتے ہیں۔
اسی سلسلے میں پی ایس جی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اُن کے کھلاڑی کو الہلال کی جانب سے کلب میں کھیلنے کی پیشکش کی گئی ہے، جبکہ پی ایس جی نے الہلال کو اس بات کی بھی اجازت دی ہے کہ وہ مباپے سے براہ راست بات کر لیں۔
2018 میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم فرانس کے رُکن کیلین مباپے نے پی ایس جی سے 12 ماہ کی مزید ایکسٹینشن نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کلب اور وہ معاہدہ آگے بڑھانے پر دلچسپی نہیں رکھ رہے۔
اس کے باعث مباپے آزاد حیثیت سے اگلے سیزن کے اختتام کے بعد کلب سے جانا چاہتے ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ سپین کے کلب ریئل میڈرڈ میں جائیں گے۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ پی ایس جی نے جاپان میں سنیچر کو سے ہونے والے اپنے پِری سیزن ٹور میں مباپے شامل نہیں کیا ہے جس کے بعد وہ کسی دوسرے کلب کو فروخت ہونے کو تیار ہیں۔
دوسری جانب اطالوی صحافی فیبریزیو رومانو نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ایس جی اس بات پر رضامند ہے کہ کیلین مباپے ریئل میڈرڈ سے معاہدہ کر چکے ہیں۔
اپنی ٹویٹ میں فیبریزیو رومانو کہتے ہیں کہ ’الہلال نے کیلین مباپے سے بات کرنے کے لیے باقاعدہ طورپر پیرس سینٹ جرمین کو بولی جمع کروا دی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ بولی 30 کروڑ یورو کی ہے جو کہ ریکارڈ فیس ہے۔ کھلاڑی کی جانب سے بات نہیں کی گئی، تاہم پی ایس جی اس بات پر متفق ہے کہ مباپے رئیل میڈرڈ کے ساتھ کنٹریکٹ کی شقوں پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔‘
اگر الہلال کلب مباپے کو خریدنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ فٹبال کی تاریخ کی سب سے مہنگی بولی ہو گی۔ اس سے قبل پی ایس جی نے بارسلونا سے برازیلین فٹبالر نیمار کو 2017 میں 26 کروڑ یورو کے عوض خریدا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں سعودی کلب الںصر نے پرتگال کے سپرسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو خریدا تھا۔ اس  کے بعد ریئل میڈرڈ کے عظیم کھلاڑی کریم بنزما کو گذشتہ ماہ سعودی چیمپئن ٹیم الاتحاد نے خریدا ہے۔ اُن کے ساتھ ٹیم میں 2018 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم فرانس کے رُکن این گولو کانتے بھی شامل ہیں۔

شیئر: