Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر دفاع کا دورہ جکارتہ، دفاعی تعاون مضبوط بنانے کا جائزہ

وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر میں شہزادہ خالد بن سلمان کا خیرمقدم کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے منگل کو جکارتہ میں انڈونیشی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق انڈونیشی وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر شہزادہ خالد بن سلمان کا خیرمقدم کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ 
بعد ازاں انڈونیشیا اور سعودی عرب کے وزرائے دفاع  کی ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
عسکری و دفاعی شعبے میں باہمی تعاون اور اسے جدید خطوط پر استوار کرکے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
 علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے متعدد موضوعات بھی زیر بحث آئے ہیں۔ 
انڈونیشی اسلحہ ساز کمپنیوں کے متعدد سربراہوں نے سعودی وزیر دفاع کو اپنی مصنوعات اور استعداد کے حوالے سے بریف کیا۔ دفاعی شعبے میں جدید  مصنوعات سے متعارف کرایا گیا۔ 
شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹویٹ کیا ’منگل کو انڈونیشی ہم منصب سے ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا۔ عسکری اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔
’ دفاعی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کی۔ ان کی مہارت اور جدید مصنوعات کے حوالے سے آگاہی حاصل کی‘۔
اس موقع پر سعودی افواج کے چیف آف سٹاف جنرل فیاض الرویلی، معاون وزیر دفاع ڈاکٹر خالد البیاری، انڈونیشیا میں متعین سعودی سفیر فیصل عامودی اور وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ھشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی موجود تھے۔  
انڈونیشیا کی جانب سے نائب وزیر دفاع، وزارت دفاع کے سیکریٹری جنرل، انڈونیشی آرمی کالج کے ڈین اور انڈونیشی وزیر دفاع کے مشیر خاص شریک ہوئے۔ 

شیئر: