Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چار لاکھ ڈالر کی امداد، برگر کنگ میں 27 سالہ ملازمت کا ’صلہ‘

برگر کنگ میں ملازمت کرنے والے کیون فورڈ نے 27 برس بغیر چھٹی لیے کام کیا (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکہ کی فاسٹ فوڈ کمپنی برگر کنگ کے ایک ملازم کیون فورڈ کو 27 برس تک سخت محنت و مشقت کرنے کے صلے میں ’کراؤڈ سورسڈ‘ عطیات کے طور پر چار لاکھ ڈالر (تقریباً 11 کروڑ روپے) ملے ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیون فورڈ امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں میک کیرن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر برگر کنگ کی برانچ میں باورچی اور کیشیئر کے طور پر کام کرتے ہیں۔  
کیون فورڈ کی ایک ٹک ٹاک ویڈیو رواں سال جون میں وائرل ہوئی۔ اس ویڈیو میں کیون نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے گذشتہ تین دہائیوں کے دوران کام سے چھٹی نہیں لی۔ صارفین نے ان کی اس ویڈیو کو خوب سراہا۔
اسی طرح کیون فورڈ نے ایک اور ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہیں کمپنی کی طرف سے ان کی محنت کا صلہ بھی دیا گیا ہے۔
برگر کنگ نے انہیں ایک  بیگ دیا جس میں فلم کا ٹکٹ، سٹاربکس کا کپ، ریز کی کینڈی کا ایک بیگ، لائف سیورز کے دو پیکٹ، ایک چاکلیٹ کیک، دو قلم اور دو چابیاں شامل تھیں۔ اس انعام نے بہت سے سوشل میڈیا صارفین کو ناراض کر دیا تھا مگر کیون فورڈ خوش اور شکر گزار نظر آئے۔  
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کیون کی بیٹی سرنیافورڈ نے اپنے والد کے لیے ’گو فنڈ می‘ کا فنڈ ریز شروع کر دیا تاکہ جو لوگ جو یہ سمجھتے ہیں کہ کیون اپنی اس محنت کے لیے کچھ زیادہ کے مستحق ہیں تو وہ براہ راست اُن کو عطیہ کر سکیں۔
حال ہی میں کیون فورڈ کی بیٹی کا یہ ’گو فنڈ می‘ پیج عطیات سے بھر گیا اور اب تک اس میں چار لاکھ 22 ہزار ڈالر سے زائد کی رقم جمع ہو چکی ہے۔  
بیشتر افراد نے ان کے ’گو فنڈ می‘ پیج پر ان کو مبارک باد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
لوگوں کا کہنا تھا کہ ’اب آپ اپنی ریٹائرمنٹ سے لطف اٹھائیں۔ آپ نے سب کو بہت کچھ دیا ہے اور  اب وقت آگیا ہے کہ آپ اپنے لیے کچھ حاصل کریں۔‘
ایک عطیہ دینے والے کا کہنا تھا کہ ’براہ مہربانی چٹھیاں لیں، آپ اس کے مستحق ہیں۔‘

شیئر: