Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی خواتین فٹبال ٹیم کا سعودی عرب میں ٹورنامنٹ

پاکستان کی خواتین قومی فٹبال ٹیم آئندہ ماہ سعودی عرب میں ہونے والے چھ ملکی مقابلوں میں شرکت کرے گی۔
عرب نیوز نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حوالے سے کہا ہے کہ 18 سے 30 ستمبر تک ہونے والے مقابلوں میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، لبنان، لاؤس، ملائیشیا اور بھوٹان کی ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔
پیر کو پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خواتین سکواڈ کی تیاری کے لیے جلد ہی ٹریننگ کیمپ کا اعلان کیا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم نے آخری مرتبہ رواں سال جنوری میں چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس میں موریشس اور مشرقی افریقی ملک کومروس نے بھی شرکت کی تھی۔
چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے موریشس کی ٹیم سے 2-1 سے شکست کھاتے ہوئے کومروس کو ہرایا تھا جبکہ میزبان سعودی عرب کے ساتھ مقابلہ برابر رہا تھا۔
یہ ٹورنامنٹ سعودی عرب کی ٹیم نے جیت کر ایک اور تاریخ رقم کی تھی۔
گزشتہ سال ستمبر 2022 میں جنوی ایشیائی فٹببال چیمپیئن شپ میں پاکستان کی ٹیم نے 7-0 سے مالدیپ کی ٹیم کو ہرایا تھا۔
جبکہ رواں سال اپریل میں ویمنز اولمپک فٹبال کوالیفائر میں پاکستان نے تاجکستان کو 0-1 سے شکست دی تھی۔ پاکستانی ٹیم کے لیے یہ ایک اہم موقع تھا کیونکہ طویل وقفے کے بعد ستمبر 2022 میں بین الاقوامی فٹبال میں واپسی کے بعد پاکستانی ٹیم کی کسی بھی عالمی مقابلے میں یہ پہلی جیت تھی۔
اس سے پہلے پاکستانی ٹیم صرف فرینڈلی میچز یا ایگزی بیشن ٹورنامنٹس جیسے سعودی عرب میں ہونے والے چار ملکی کپ میں مقابلے جیت چکی تھی۔

شیئر: