Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر سندھ کی اپنے ہیئر سیلون کی پبلسٹی

کامران ٹیسوری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تنقید کی ذد میں ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)
پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بِلوں میں اضافے کے باعث مختلف شہروں میں احتجاج کی ویڈیوز میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری کی بھی ہے۔ اس میں وہ کراچی کے عوام کو اچھے ہیئر سیلون کا پتہ بتا رہے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے کراچی کے شہریوں کو اچھا ہیئرسٹائل بنوانے کا مشورہ دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سخت تنقید کی زد میں ہے۔  
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک دھیمی آواز کے بیک گراؤنڈ میوزک کے ویڈیو کلپ میں کامران ٹیسوری ہاتھ میں پین اٹھائے کراچی کے رہائشیوں کو مخاطب کرتے ہوئے پیغام دیتے ہیں۔
’اہلیان کراچی اور دوستو اگر آپ کو میرا ہیئرکٹ اچھا لگ رہا ہے تو آپ یہ ضرور جاننا چاہیں گے کہ میں نے یہ بال کہاں سے بنوائے اور کہاں سے کٹوائے۔‘
اس کے بعد ویڈیو میں گورنر سندھ ہاتھ میں پہنی گھڑی کو گھماتے ہوئے مزید بتاتے ہیں کہ ’تو آپ چلے جائیے شعیب سیلون پر، شعیب وہاں موجود ہو گا جس کی بہت ساری برانچز ہیں۔‘
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ کے بعد سوشل میڈیا پر ردعمل سامنے آیا ہے۔
ٹوئٹر یوزر نادر بلوچ ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی کے عوام کو غربت کا خاتمہ، زائد بلوں سے چھٹکارا اور ترقی کا اصل راز بتا دیا یے، اہل کراچی فوری ان برانچز سے رجوع کریں۔
 
سہیل اعوان نے کہا کہ ’ نہ جانے ہم چھچورپن میں مزید کتنے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو کوئی بتائے کہ گورنر کے عہدے اور ایک انفلوئنسر میں فرق ہوتا ہے۔ حجام کی مشہوری کرنے والے صاحب کو لگانے والوں نے قوم کی حجامت کا کیا خوب انتظام کیا ہے۔‘
سینیئر صحافی اور اینکرپرسن رؤف کلاسرا نے گورنر سندھ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’چن کر ایسے ہیرے ڈھونڈ کر بڑے عہدوں پر بٹھائے گئے تاکہ ان سیاسی اور آئینی عہدوں کی کوئی اوقات نہ رہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’بلکہ ٹکے ٹوکری ہو جائیں اور یہ عہدے مذاق بن کر رہ جائیں۔ ایسے لوگوں کو باقاعدہ منصوبہ بندی سے اوپر لایا گیا ہے۔ مقصد ان عہدوں کا مذاق اڑانا ہے۔‘

شیئر: