یمن میں اگست کے چوتھے ہفتے میں مزید ایک ہزار 403 بارودی سرنگیں صاف
صاف کی جانے والی باردوی سرنگوں کی تعداد چار لاکھ 12 ہزار 971 ہوگئی ( فوٹو: ایس پی اے)
یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے سعودی منصوبے ’مسام‘ نے اگست 2023 کےچوتھے ہفتے میں یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید ایک ہزار 403 ڈیوائسز کو صاف کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے تحت مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے 67 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اور ایک ہزار322 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز، 11 دھماکہ خیز ڈیوائسز اور تین اینٹی پرسنل سرنگوں کو ناکارہ بنایا ہے۔
یمن کے مارب، عدن، الجوف، شبوہ، حدیدہ، صعدہ، صنعا، الضالع، لحج اور دیگر علاقوں میں بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں۔
2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن سے صاف کی جانے والی باردوی سرنگوں کی تعداد چار لاکھ 12 ہزار 971 ہوگئی ہے۔
حوثیوں کی جانب سے بچھائی گئی 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
یمن بھر میں حوثیوں کی جانب سے نصب کردہ ڈیوائسز معصوم شہریوں، بچوں، خواتین ار بزرگوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہیں۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز امدادی سینٹر کے تحت مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
جون 2022 میں مسام پروجیکٹ کے معاہدے کو 33.29 ملین ڈالر کی لاگت سے مزید ایک سال کے لیے بڑھایا گیا ہے۔
یہ پروجیکٹ مقامی انجینیئرز کی بھی تربیت اورانہیں جدید آلات فراہم کرتا ہے جبکہ باردودی سرنگوں کی زد میں آنے والے یمنی شہریوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔