Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ: انڈین اوپنرز کی جارحانہ بیٹنگ، نیپال کو 10 وکٹوں سے شکت

آصف شیخ 58 رنز بنا کر محمد سراج کا شکار بنے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ کے پانچویں میچ میں انڈیا نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پیر کو سری لنکا کے پالیکیلے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوا جس کے بعد انڈین ٹیم کو ڈک لوئس میتھڈ کے تحت 23 اوورز میں 145 کا ہدف ملا جو اس نے 21 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ روہت شرما 74 اور شبھمن گل 67 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں انڈین ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا اور نیپال کی ٹیم 49 ویں اوور میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آصف شیخ 58 اور سومپل کامی 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انڈیا کی جانب سے رویندر جڈیجہ اور محمد سراج نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انڈیا کی اننگز

روہت شرما اور شبھمن گل نے اپنی اننگز کا آغاز تو 231 رنز کے تعاقب میں کیا تھا لیکن تیسرے اوور کے آغاز میں بارش کی وجہ سے میچ تعطل کا شکار ہو گیا۔
میچ جب دوبارہ شروع ہوا تو دونوں انڈین اوپنرز نے نیپالی بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔
پاکستان کے خلاف میچ میں شاہین شاہ آفریدی کے آگے بے بس نظر آنے والے روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کی اور 39 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ وہ 59 گیندوں پر چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 74 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
شبھمن گل نے بھی گذشتہ میچ کی ناکامی کا ازالہ کیا اور 62 گیندوں پر 67 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انڈیا کی جانب سے رویندر جڈیجہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

 

نیپال کی اننگز

نیپال کی جانب سے کُشل بھورتل اور آصف شیخ نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا اور انڈین پیس اٹیک کو دفاعی پوزیشن پر رکھا، تاہم 10 ویں اوور میں کُشل 25 گیندوں پر 38 رنز بنا کر شردل ٹھاکر کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
اس کے بعد رویندر جڈیجہ کی سپن بولنگ کے آگے نیپال کا مڈل آرڈر لڑکھڑا گیا اور یکے بعد دیگرے بلے باز پویلین روانہ ہوتے گئے۔
132 کے مجموعی سکور پر ان فارم آصف شیخ 58 رنز بنا کر محمد سراج کا شکار بنے۔
اس موقع پر لگ رہا تھا کہ شاید نیپال کی ٹیم 200 رنز بھی نہ بنا پائے گی لیکن پھر اس کا لوئر آرڈر انڈین بولنگ کے آگے ڈٹ گیا۔
دپیندرا سنگھ اور سومپل کامی کی 40 رنز کی شراکت داری اپنی ٹیم کے کام آئی۔ دونوں کھلاڑی بالترتیب 29 اور 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیپال کے آخری دو کھلاڑی صرف دو رنز کا اضافہ ہی کر سکے اور یوں پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

شیئر: