بنگلور ایئرپورٹ پر سامان کی تلاشی کے دوران 72 سانپ برآمد
جمعہ 8 ستمبر 2023 5:52
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
جانوروں کو بینکاک سے سوٹ کیسز میں رکھ کر جہاز کے ذریعے بنگلور لایا گیا تھا۔ (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
انڈیا کے شہر بنگلور کے ایئرپورٹ پر کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے 72 سانپ اور چھ بندروں کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق جانوروں کو بینکاک سے سوٹ کیسز میں رکھ کر جہاز کے ذریعے بنگلور لایا گیا تھا۔
کسٹمز کے افسر کے مطابق ’سوٹ کیسز میں سے 78 جانور ملے ہیں جن میں سے 55 پائتھن سانپ ہیں جبکہ 17 کنگ کوبرا سانپ ہیں۔ یہ سانپ سامان میں زندہ پائے گئے اور حرکت کر رہے تھے۔‘
کسٹمز کے افسر نے مزید بتایا کہ سوٹ کیسز میں سے چھ بندر بھی مردہ حالت میں ملے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ زندہ سانپوں کو ان کے ملکوں واپس بھیج دیا گیا ہے جبکہ مردہ بندروں کو تلف کردیا گیا ہے۔
جانوروں کی سمگلنگ سے متعلق ایکٹ کے تحت مقدمے کا اندراج ہو چکا ہے اور حکام کی جانب سے اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
بنگلور ایئرپورٹ پر سوٹ کیسز سے جانوروں کی برآمدگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل رواں سال جنوری میں بینکاک سے ہی آنے والے سامان میں سے 139 جانور قبضے میں لیے گئے تھے۔
جنوری میں کی جانے والی کارروائی میں تین مسافروں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا جن کے سوٹ کیسز میں سے سانپ، طوطے، چھپکلیاں، کچھوے اور بندروں سمیت کئی زندہ جانور ملے تھے۔