Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین شاہ آفریدی کے تحفے پر جسپریت بمراہ کا جواب، ’اس پیار کے مقروض ہیں‘

جسپریت بمراہ کی 2021 میں سنجنا گنیشن سے شادی ہوئی تھی۔ (فوٹو: جسپریت بمراہ انسٹاگرام)
ایشیا کپ میں جہاں پاکستان اور اںڈیا کے کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کو جتوانے کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا رہے ہیں وہیں میدان سے باہر دونوں ٹیموں کے ستارے ایک دوسرے سے خوب دوستی بھی نبھا رہے ہیں۔
ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے کرکٹرز کے درمیان خوب ہنسی مذاق، دل لگی، دوستی اور محبت دیکھنے کو مل رہی ہے۔
اسی سلسلے میں اتوار کو کولمبو میں ایونٹ کے سپرفور مرحلے کے میچ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے انڈین فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو اُن کے بیٹے کی پیدائش پر تحفہ دیا ہے۔
یہ تحفہ پاکستان ٹیم کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے جسپریت بمراہ کو دیا جس کی ویڈیو کچھ ہی منٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپلوڈ کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی جسپریت بمراہ کو بیٹے کی پیدائش پر مبارک باد اور دعائیں دیتے ہیں جس کے جواب میں بمراہ اُن کے ممنون دکھائی دیتے ہیں۔
پی سی بی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’خوشیاں پھیلائی جا رہی ہیں، شاہین آفریدی نے باپ بننے والے جسپریت بمراہ کو مسکراہٹیں پہنچا دیں۔‘
 
اسی سلسلے میں جسپریت بمراہ نے بھی اپنی ٹویٹ میں شاہین شاہ آفریدی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
بمراہ کہتے ہیں کہ ’خوبصورت بات، میں اور میری فیملی اِس پیار کے مقروض ہیں۔ ہمیشہ کے لیے نیک تمنائیں۔‘
 
خیال رہے جسپریت بمراہ کی 2021 میں سپورٹس اینکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سنجنا گنیشن سے شادی ہوئی تھی جس کے بعد رواں ماہ اُن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
دوسری جانب جسپریت بمراہ ایک طویل انجری بریک کے بعد گزشتہ ماہ انڈین ٹیم میں واپس آئے تھے۔ انہیں آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا جس کے بعد انہیں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

شیئر: