Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں کھجور کے درخت 10 لاکھ سے بڑھ کر چار کروڑ ہو گئے

پوری کوشش ہوتی ہے کہ کھجور کی صحیح قیمت لگے۔ (فوٹو اخبار 24)
بریدہ کھجور میلے میں بولی لگانے والوں کی چاندی  ہورہی ہے۔ کھجوریں بیچنے اور خریدنے والی پارٹیاں بولی لگانے والوں کی خدمات حاصل کررہی ہیں۔ 
اخبار 24 کے مطابق بریدہ میں کھجوروں کی بولی لگانے والے مشہور شہری ناصر العمار نے کہا ہے کہ ’ہمارا پیشہ ایسا ہے جس کا واسطہ خریدار اور کھجور فروش دونوں سے پڑتا ہے۔‘
ناصر نے  کہا کہ ’ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ ایمانداری کے ساتھ کھجور کی صحیح قیمت لگائی جائے۔‘

’المفتل السکری‘ نامی کھجور نہایت عمدہ  ہے۔ (فوٹو اخبار 24)

ناصر العمار کا کہنا تھا کہ ’بعض کھجور فروش چاہتے ہیں کہ ان کا مال اچھی قیمت پر فروخت ہو یہ سوچ درست نہیں۔ اس سے کاروباری ماحول پر برا اثر پڑتا ہے‘۔ 
العمار نے بتایا کہ ’سعودی عرب میں زرعی پیداوار کی مارکیٹنگ کا معیار ابھی تک عمدہ نہیں ہے۔ اس میں خامیاں ہیں۔ یہ  الگ بات ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران اس میں بہتری آئی ہے‘۔ 
العمار کا کہنا ہے کہ ’حالیہ برسوں کے دوران سعودی عرب میں نخلستانوں کا رقبہ بڑھا ہے۔ یہاں پہلے کھجور کے 10 لاکھ درخت تھے جو اب بڑھ کر 4 کروڑ تک پہنچ گئے ہیں‘۔
ناصر العمار نے واضح کیا کہ ’ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو سائنٹفیک بنیاد پر کھجوروں کی بولی لگائیں اور پیشہ ورانہ انداز میں کھجوروں کی مارکیٹنگ کریں‘۔ 
بولی لگانے والے ایک اور سعودی شہری سلیمان المبیریک نے کہا کہ ’یوں تو کھجور کی بہت ساری قسمیں ہیں اور بریدہ میں کھجور میلہ اگست شروع ہونے سے دس روز قبل  منعقد ہوتا ہے  اور دو ماہ تک جاری رہتا ہے‘۔ 
المبیریک نے بتایا کہ ’بیشتر صارفین ’المفتل السکری‘ نامی کھجور کی تلاش میں میلے میں آتے ہیں۔ نہایت عمدہ کھجور ہوتی ہے اور اس کی اوسط قیمت 25 تا 60 ریال تک ہوتی ہے‘۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: