Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ، انڈین فوج کے کرنل اور میجر ہلاک

جھڑپ میں جموں و کشمیر پولیس کے ایک ڈی ایس پی ہلاک ہوگئے ہیں (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں انڈین فوج کے دو افسران اور ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) ہلاک ہوگئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق راشٹریہ رائفلز یونٹ کے کرنل من پریت سنگھ اور میجر آشیش ڈھونچک جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔
کرنل من پریت سنگھ 19 راشٹریہ رائفلز (19 آر آر یونٹ) کے کمانڈنگ افسر تھے۔ راشٹریہ رائفلز جموں و کشمیر میں شورش کو کُچلنے کے لیے قائم کی گئی فورس ہے۔
جھڑپ کے بعد پولیس افسر اور دونوں فوجی افسران کی لاشیں اننت ناگ کے علاقے کوکرناگ سے برآمد کی گئیں۔
فوج کی 15 ویں کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دیباگ سنگھ اُن اعلٰی حکام میں شامل تھے جو آپریشن کی نگرانی اور لاشوں کو نکالنے کے لیے موقع پر پہنچے تھے۔
آپریشن کے دوران فضائی نگرانی اور انخلا کے لیے فوج کے چیتا ہیلی کاپٹرز کو بھی استعمال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کے حوالے سے خفیہ اطلاع ملنے پر منگل اور بدھ کی درمیانی رات فوج اور پولیس نے مشترکہ آپریشن شروع کیا تھا۔
آپریشن کے دوران کمانڈنگ افسر کی قیادت میں فوجی اور جموں و کشمیر پولیس کا ایک ڈی ایس پی شدید فائرنگ کی زد میں آگئے تھے۔

عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں تین افسران شدید زخمی بھی ہوئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ذرائع نے مزید بتایا کہ ’جھڑپ کے دوران دیگر تین فوجی افسران شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔‘ اس واقعہ کے بعد علاقے میں فوج اور پولیس کی مزید نفری بھیج دی گئی۔
 تاہم مورچہ زن عسکریت پسندوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی وجہ سے زخمی ہونے والے افسران کو نکالا نہیں جا سکا۔
واضح رہے کہ یہ جموں و کشمیر میں 24 گھنٹوں کے دوران اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔
پولیس کے مطابق اس سے قبل ضلع راجوڑی میں عسکریت پسندوں کے ساتھ شدید تصادم کے نتیجے میں فوج کا ایک افسر مارا گیا تھا جبکہ سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’آپریشن کے دوران دو عسکریت پسند بھی مارے گئے۔‘

شیئر: