Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاداب خان بولنگ اچھی کر رہے ہیں لیکن آؤٹ نہیں کر پا رہے: بابر اعظم

سری لنکا سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم کا ایشیا کپ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان نے سری لنکا کو ہدف ٹھیک دیا تھا لیکن بولنگ معیار کے مطابق نہیں تھی۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں سری لنکا سے شکست کے بعد بابر اعظم نے کہا کہ ’ہم نے اننگز کے درمیان میں وکٹ حاصل نہیں کی جس وجہ سے اُس شراکت نے ہمیں نقصان پہنچایا۔‘
جمعے کو کولمبو میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے آخری پانچ اوورز میں کم بیک کیا لیکن بدقسمتی سے میچ ہار گئے۔‘
ایشیا کپ میں آل راؤنڈر شاداب خان کی ناقص کارکردگی کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ ’شاداب بولنگ اچھی کر رہے ہیں لیکن وہ وکٹیں حاصل نہیں کر رہے لہذا اس وجہ سے لگ رہا ہے وہ بولنگ اچھی نہیں کر رہے۔ شاداب اور نواز ہمارے بہترین بولر ہیں۔‘
سری لنکا کے خلاف ڈیبیو کرنے والے زمان خان کے بارے میں کپتان نے کہا کہ ’زمان خان نے کارکردگی دکھائی، انہوں نے پی ایس ایل میں کئی مرتبہ آخری اوور کروایا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’غلطیاں ہر میچ میں ہوتی ہیں، ہم کوشش کریں گے کے سیکھیں۔ ورلڈ کپ میں جانے سے پہلے یہ معاملات حل کر کے جائیں گے۔‘
ورلڈ کپ میں نسیم شاہ اور حارث رؤف کی فٹنس کے مسائل کے بارے میں بابر اعظم نے بتایا کہ ’میں ابھی ان کے متبادل کے بارے میں بات نہیں کروں گا۔ نسیم شاہ شاید ورلڈ کپ کے پہلے کچھ میچوں میں نہ کھیلیں۔‘
خیال رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اعصاب شکن مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا ہے۔ 

شیئر: