بابر اعظم نے تیسری مرتبہ آئی سی سی ’پلیئر آف دی منتھ‘ کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا
بابر اعظم اب تک 107 ایک روزہ میچز میں 19 سینچریاں بنا چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور سٹار بیٹر بابر اعظم کو پلیئر آف دی منتھ قرار دیا ہے۔
آئی سی سی نے بابر اعظم کو اگست کے ماہ کا ’پلیئر آف دی منتھ قرار‘ دیا ہے اور انہوں نے تیسری مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
بابر اعظم ون ڈے فارمیٹ میں بیٹرز کی رینکنگ میں اِس وقت پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
دوسری جانب بابر اعظم نے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ بننے کے بعد کہا کہ ’میں اگست 2023 کے لیے میں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ بننے پر بہت خوش ہوں۔ گذشتہ ماہ میری ٹیم کے لیے اور میرے لیے شاندار رہا ہے اور ہم نے شاندار کارکردگی دکھائی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ایشیا کپ کا پاکستان میں طویل عرصے کے بعد آنا اور لاہور اور ملتان میں کرکٹ سے پیار کرنے والے مداحوں کے سامنے کھیلنا بہت شاندار تھا۔ میں نے ملتان میں دوسری مرتبہ 150 سے زائد سکور بنایا جس نے میری خوشی دوبالا کر دی۔‘
خیال رہے کہ بابر اعظم نے ملتان میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں نیپال کے خلاف 131 گیندوں پر 151 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
گذشتہ ماہ سری لنکا میں کھیلی گئی افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے اور تیسرے میچ میں بابر اعظم نے لگاتار دو نصف سینچریاں سکور کیں جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں بھی بابر اعظم نے ففٹی بنائی۔
بابر اعظم اب تک 107 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 58.47 کی اوسط سے 5380 رنز بنائے ہیں جس میں 19 سینچریاں اور 28 نصف سینچریاں بھی شامل ہیں۔