Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واٹس ایپ نے اپنے پلیٹ فارم پر اشتہارات دیکھنے کی اپڈیٹ کو مسترد کر دیا

ڈیٹا فرم وزیبل ایلفا کے مطابق واٹس ایپ کے ماہانہ دو ارب سے زائد کے ایکٹو صارفین ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
معروف مسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے پلیٹ فارم پر اشتہارات دیکھنے کی اپڈیٹ کو مسترد کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واٹس ایپ کے اعلیٰ عہدیدار نے فائینینشل ٹائمز کی اِس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کی ملکیت میں چلنے والے میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ صارفین کو اشتہارات دکھا رہی تھی کیونکہ اُس سے کمپنی کو زیادہ منافع حاصل ہو رہا تھا۔
دی فائنینشل ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ میٹا کی ٹیمیں اِس بات پر بحث کر رہی تھیں کہ واٹس ایپ کی چیٹ سکرین پر اشتہارات دکھائے جائیں یا نہیں تاہم اِس بات کا حتمی فیصلہ ابھی تک نہیں ہو پایا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ میٹا کی جانب سے اس بات پر بھی بحث کی گئی کہ ’ایڈ فری‘ واٹس ایپ کے لیے الگ سے سبکرپشن فیس رکھی جائے۔
اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر واٹس ایپ کے سربراہ وِل کیتھ کارٹ نے لکھا کہ ’یہ فائینینشل ٹائمز کی سٹوری جھوٹی ہے۔‘
ڈیٹا فرم وزیبل ایلفا کے مطابق واٹس ایپ کے ماہانہ دو ارب سے زائد کے ایکٹو صارفین ہیں لیکن اِس پلیٹ فارم کا سب سے زیادہ ریونیو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے حاصل ہوتا ہے جس کے ماہانہ 20 کروڑ کے قریب صارف ہیں۔
میٹا واٹس ایپ کے ریونیو کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کرتا تاہم ایلفا وزیبل کے مطابق اس میسجنگ ایپ نے پچھلی سہہ ماہی میں ایک ارب چھ کروڑ ڈالر کی سیلز کی ہیں جو کہ میٹا کے کُل ریونیو کا تین فیصد بنتا ہے۔
خیال رہے گزشتہ برس میٹا کے مالک مارک زکربرگ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ واٹس ایپ اور میسنجر میٹا کمپنی کی سیلز کے اگلے مرحلے کو خوب بڑھائیں گے اور اس کے ساتھ بزنس میسجنگ میٹا کا سب سے اہم ستون ہونے والا ہے۔

شیئر: