سعودی عرب میں ملبوسات کی مارکیٹ کا حجم 75 ارب ریال
ملبوسات کے کاروبار میں سالانہ 3 فیصد کا اضافہ ہورہا ہے۔ (فوٹو الاقتصادیہ)
الشرقیہ ریجن میں ایوان صنعت و تجارت نے کہا ہے کہ سعودی مارکیٹ میں ملبوسات کے کاروبار کا حجم 75 ارب ریال کا ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق ایوان صنعت و تجارت میں کاروباری خواتین کا اجلاس ہوا۔ جس کا موضوع ’سعودی مارکیٹ میں ملبوسات اور فیشن کا شعبہ‘ تھا۔
اجلاس میں شامل تاجر خواتین نے تسلیم کیا کہ ملبوسات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس شعبے سے منسلک ہنرمند خواتین کی استعداد کو چمکانے کے لیے مسلسل آگہی ضروری ہے۔
اجلاس میں اس جانب بھی توجہ مرکوز کی گئی کہ ملبوسات کا شعبہ سعودی ڈیزائنر خواتین سے مالا مال ہے جو منفرد اور نئے خیال پیش کر کے مارکیٹ میں پذیرائی حاصل کر رہی ہیں۔
ملبوسات کے کاروبار میں سالانہ تین فیصد کا اضافہ ہو رہا ہے۔ اس میں دو لاکھ تیس ہزار افراد کام کررہے ہیں جبکہ 66 فیصد خواتین ہیں۔
تاجر خواتین کا کہنا تھا کہ ’سعودی مارکیٹ میں ملبوسات کے شعبے میں زبردست مسابقت چل رہی ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ یہ مقابلہ سعودی ڈیزائنرز کے درمیان ہے۔‘
’ان میں مقامی مرد و خواتین دونوں شامل ہیں۔ یقیناً فتح ان لوگوں کو حاصل ہوگی جو نئے اور منفرد افکار رکھتے ہیں اور نت نئے تجربات مارکیٹ کے سامنے رکھیں گے۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں