Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فریم ورک سعودی نارملائزیشن ڈیل 2024 کے اوائل تک ممکن ہے: اسرائیل

اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات استوار کرنے کے لیے امریکہ کی ثالثی میں معاہدہ اگلے سال کے اوائل تک ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نتن یاہو کے ساتھ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان بات چیت کے مثبت امکانات کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’ہر روز ہم معاہدے کے قریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سویلین نیوکلیئر پروگرام کے لیے ریاض کی جستجو امریکی اور اسرائیلی پالیسی کا امتحان ہے۔ سعودی عرب اور امریکہ کی جانب سے سے کسی بھی معاہدے کے تحت فلسطینیوں کو فائدہ پہنچانے کا مطالبہ نیتن یاہو کی سخت گیر دائیں بازو کی حکومت کے لیے ناگوار ہے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے اسرائیل کے آرمی ریڈیو کو بتایا کہ ’خلا کو پُر کیا جا سکتا ہے۔ اس میں وقت لگے گا۔ لیکن پیشرفت ہو رہی ہے۔‘
’میرے خیال میں یقینی طور پر اس بات کا امکان ہے کہ 2024 کی پہلی سہ ماہی میں، چار یا پانچ ماہ میں، ہم اس مقام پر پہنچ سکیں گے جہاں (ایک معاہدے کی) تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی۔‘
اس طرح کی ٹائم لائن بائیڈن انتظامیہ کو امریکی کانگریس اور سینیٹ میں نظرثانی کی مدت سے گزرنے اور نومبر کے صدارتی الیکشن سے پہلے توثیق حاصل کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔

شیئر: