Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فرضی ریکروٹمنٹ ایجنسیوں کے جھانسے میں نہ آئیں‘

معاون عملہ منگوانے کے خواہشمند رجسٹرڈ پرمٹ ہولڈر ایجنسیوں سے رابطہ کریں( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات میں ابوظبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ ’رعایتی فیس کی ترغیب دے کر فیملی ویزوں کے اجرا کی پیشکش کر نے والے ریکروٹمنٹ کے فرضی ادارے کے جھانسے میں نہ آئیں‘۔ 
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی کی عدالتوں میں متعدد مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے کیس درج کرائے تھے جن میں انہوں نے فرضی ریکروٹمنٹ ایجنسیوں سے انصاف دلانے کی درخواست کی تھی۔
ابوطبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے ’فرضی ریکروثٹنگ ایجنسیاں سوشل میڈیا پراشتہار دے کر مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو بے وقوف بنا رہی ہیں‘۔
’وہ مختلف عنوانوں سے ابوظبی کے شہریوں اورمقیم غیرملکیوں سے پیسے ہتھییا رہی ہیں اور تاثر یہ دیا جارہا ہے کہ وہ ریکارڈ وقت میں گھریلو عملہ معمولی فیس پر درآمد کرسکتی ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’یہ ایجنسیاں اشتہاری مہم  میں غیرملکی کارکنان کے ویڈیو کلپ اور تصاویر بھی اپنے اشتہار میں منسلک کررہی ہیں جن سے یہ تاثر مل رہا ہے  یہ وہ ورکر ہیں جو ان ریکروٹنگ ایجنسیوں کے توسط سے ابوظبی پہنچے ہیں‘۔ 
جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے’ کئی افراد سوشل میڈیا پر اشتہار کے جھانسے میں آچکے ہیں۔ ناواقفیت اور معلومات نہ ہونے سے فرضی ریکروٹنگ ایجنسیوں سے رجوع کررہے ہیں‘۔ 
جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ نے بیان میں کہا کہ’ بیرون ملک سے معاون عملہ حاصل کرنے کے خواہشمند رجسٹرڈ  پرمٹ ہولڈر ایجنسیوں سے رابطہ کریں۔ فرضی ایجنسیوں کے چکر میں نہ پڑیں‘۔
مزید معلومات کے لیے وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن کی ویب سائٹ سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔ 

شیئر: