سعودی وزارت خارجہ نے دی ہیگ میں متعدد سفارتخانوں کے سامنے ایک انتہا پسند گروپ کی جانب سے قرآن پاک کے نسخوں کو پھاڑنے کی شدید مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت نے بیان میں سعودی عرب کی جانب سے اس طرح کے بار بار کیے جانے والے نفرت انگیز اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کیے جانے کے موقف کا اعادہ کیا اور کہا اسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔
بیان میں کہا گیا کہ’ اس طرح کے اقدامات واضح طور پر نفرت اور نسل پرستی کو ہوا دیتے ہیں۔ رواداری، اعتدال پسندی کی اقدار کو فروغ دینے اور انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی بین الاقوامی کوششوں سے براہ راست متصادم ہیں‘۔
وزارت نے مزید کہا ’ ایسے اقدامات افراد اور ممالک کے درمیان تعلقات کے لیے ضروری باہمی احترام کو بھی سبوتاژ کرتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ ڈنمارک، سویڈن اور ہالینڈ میں حالیہ مہینوں کے دوران عوامی سطح پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ قرآن پاک کی بے حرمتی پر مسلم ملکوں میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔