عالمی درجہ بندی میں سعودی شہروں کی پوزیشن بہتر، ریاض 16 درجے اوپر
عالمی درجہ بندی میں سعودی شہروں کی پوزیشن بہتر، ریاض 16 درجے اوپر
جمعرات 26 نومبر 2026 11:20
2020 کے بعد سے سعودی شہروں کے اوسط سکور میں چار شعبوں میں بہتری آئی ہے (فوٹو: وزٹ سعودی)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی کیرنی کے عالمی شہروں کے انڈیکس میں درجہ بندی ایک بار پھر بہتر ہوئی ہے۔ ریاض 2022 سے اب تک 16 درجے ترقی کے بعد 2026 کی فہرست میں 54ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شہروں کی مستقبل کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے والے گلوبل سٹیز آؤٹ لک انڈیکس میں دمام نے مشرق وسطیٰ میں سب سے زیادہ ترقی کی ہے۔ دمام گزشتہ سال کے مقابلے میں 18 درجے ترقی کے بعد 64ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاض 2025 کے مقابلے میں دو درجے اوپر آیا ہے اور پانچ میں سے چار شعبوں میں بہتری لایا ہے جبکہ دمام کی پیشرفت معیشت اور جدت طرازی میں حاصل کردہ کامیابیوں کا نتیجہ ہے۔
یہ نتائج ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ریاض کی ایک بین الاقوامی کاروباری مرکز کے طور پر اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ستمبر میں سعودی دارالحکومت ریاض 47 درجے ترقی کے بعد پہلی مرتبہ آکسفورڈ اکنامکس کے عالمی شہروں کے انڈیکس میں سرفہرست 50 شہروں میں شامل ہوا جبکہ انسانی وسائل کے لحاظ سے دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر رہا۔
مملکت کے ریجنل ہیڈ کوارٹرز پروگرام نے بھی 700 سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے جو کہ 2030 کے لیے طے شدہ 500 کمپنیوں کے ہدف سے آگے نکل چکا ہے۔
کیرنی فورسائٹ مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ویلنٹائن لاویل نے عرب نیوز کو بتایا کہ سعودی شہر وژن 2030 کے تحت مملکت کی وسیع تر معاشی تبدیلی سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
کیرنی نے اپنی رپورٹ میں بین الاقوامی سکولوں اور تعلیمی صلاحیتوں میں کی جانے والی سرمایہ کاری کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ ’ریاض یہ ثابت کرتا ہے کہ سوچ سمجھ کر بنائی گئی پالیسی کتنا بڑا فرق پیدا کر سکتی ہے۔‘
معاشی تنوع
لاویل نے بتایا کہ ’2021 اور 2025 کے درمیان حقیقی غیر نفٹی سرگرمیوں میں تقریباً 34 فیصد اضافہ ہوا جو نہ صرف معیشت کو تنوع دینے بلکہ اسے مضبوط بنانے میں ہونے والی پیشرفت کی عکاسی کرتا ہے۔‘
2020 کے بعد سے زیرِ جائزہ پانچوں سعودی شہروں کے اوسط سکور میں چار شعبوں میں بہتری آئی ہے جس میں ثقافتی تجربے میں 204 فیصد، معلومات کے تبادلے میں 120 فیصد اور انسانی وسائل میں 56 فیصد کا اضافہ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’تعلیم لوگوں کو بدلتی ہوئی معیشت کے لیے ضروری مہارتیں اور صلاحیتیں تیار کرنے میں مدد دیتی ہے جبکہ نئی صنعتیں انہیں ان مہارتوں کو عملی جامہ پہنانے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔‘
لاویل نے نشاندہی کی کہ یہ سرمایہ کاری شہروں کو ایک زیادہ متنوع معاشی بنیاد کی تعمیر کے دوران کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور باصلاحیت افراد کو متوجہ کرنے اور انہیں برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
انڈیکس میں سعودی شہروں کے درمیان مکہ نے سب سے بڑی سالانہ بہتری درج کی اور چھ درجے اوپر آیا جبکہ جدہ تین شعبوں میں پیشرفت کے باوجود دو درجے نیچے گر کر 85ویں نمبر پر آ گیا۔
لاویل نے نوٹ کیا کہ جدہ اور دمام بین الاقوامی تجارتی تعلقات سے فائدہ اٹھاتے ہیں (فوٹو: وزٹ سعودی)
جدت طرازی کے میدان میں پیشرفت
مستقبل کے امکانات کی درجہ بندی میں دمام کی ترقی میں اقتصادی شعبے میں 34 اور جدت طرازی کے شعبے میں 91 درجے بہتری نے اہم کردار ادا کیا۔
لاویل نے کہا کہ ’رواں سال جدت طرازی کے شعبے میں شہر 142 ویں سے 51 ویں نمبر پر آگیا جس کی بنیادی وجہ پیٹنٹس کے حصول میں متوقع نمایاں کارکردگی ہے۔‘
انہوں نے دمام ویلی کے بائیو ٹیکنالوجی سٹارٹ اپ پروگرام اور یونیورسٹیوں کی جانب سے پیٹنٹ اور کاروبار شروع کرنے میں دی جانے والی مدد کو اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات صنعتوں کی ترقی میں مدد دے سکتے ہیں اور چھوٹے کاروباروں کو تیل کے علاوہ دوسرے شعبوں میں ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کر سکتے ہیں۔
آؤٹ لک فہرست میں دمام کی پیشرفت کو معیشت میں 34 درجے کی بہتری آئی (فوٹو: کیوی ڈاٹ کام)
مستقبل کے مواقعے
لاویل نے مزید کہا کہ جدہ اور دمام بین الاقوامی تجارتی تعلقات سے فائدہ اٹھاتے ہیں جبکہ ریاض کمپنیوں اور حکومتوں کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اصل موقع ان صلاحیتوں کو وسیع تر عالمی اثر و رسوخ میں بدلنے کا ہے۔ مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں سعودی شہر ڈیٹا سینٹرز سمیت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کر کے اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہر شہر عالمی سطح پر نمایاں ہونے کا اپنا راستہ خود تیار کر سکتا ہے اور ان بنیادوں کو مضبوط بنا سکتا ہے جو طویل عرصے سے ہمارے انڈیکس کے ٹاپ 30 پر قابض قائم شدہ شہروں کو چیلنج کر سکیں۔‘