Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکارہ ماہرہ خان دوست سلیم کریم کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی سُپر سٹار ماہرہ خان کاروباری شخصیت اور اپنے پرانے دوست سلیم کریم کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
اس خبر کا اعلان ماہرہ خان کی مینیجر انوشے طلحہٰ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان سفید عروسی لباس پہنے اپنے دولہے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ سلیم کریم سیاہ رنگ کی شیروانی زیب تن کیے ہوئے ہیں۔
ماہرہ اور سلیم کی شادی کی ویڈیو اور تصاویر شئیر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ شادی کی اس ویڈیو کی خاص بات نہ صرف ماہرہ خان کا انداز اور خوبصورت لباس بنا بلکہ ماہرہ کی پہلی جھلک دیکھتے ہی ان کے دولہے کی آنکھیں بھر آنے کا بھی کافی ذکر کیا جا رہا ہے۔   
اداکارہ کی شادی کی تقریب میں محدود تعداد میں رشتے دار اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔
اداکارہ ماہرہ خان بول، منٹو، بِن روئے، قائداعظم زندہ باد، ایکٹر اِن لا، ورنہ، سات دن محبت اِن، پرے ہَٹ لو، رئیس، جیسی فلموں میں کام کر چکی ہیں جبکہ حال ہی میں فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا تھا۔
ڈرامہ ’ہمسفر‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ماہرہ خان کی شادی کی خبریں کچھ عرصہ قبل سے ہی گردش کر رہی تھیں۔ 
واضح رہے گزشتہ سال ماہرہ خان نے ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں سلیم کریم سے تعلقات کی تصدیق کی تھی۔
خیال رہے کہ یہ ماہرہ خان کی دوسری شادی ہے، اس سے قبل انہوں نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی اور 2009 میں ان کے گھر ان کے بیٹے اذلان کی پیدائش ہوئی تھی۔ ماہرہ خان کی یہ شادی نہ چل سکی اور 2015 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

ماہرہ خان کے شوہر سلیم کریم کون ہیں؟

ماہرہ خان کے شوہر سلیم کریم کاروباری شخصیت ہیں، جنہوں نے سِم پیسہ کے سی ای او کے طور پر کاروباری دنیا میں اپنی شناخت بنائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلیم کریم کا یہ سٹارٹ اپ لوگوں کو اپنے سم کارڈز کے ذریعے براہ راست ادائیگیاں کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، اور لاتعداد لوگوں کے لیے مالی لین دین کو آسان بناتا ہے۔ کمپنی مبینہ طور پر 15 سے زیادہ ممالک میں مختلف شعبوں کے تاجروں کو سہولت فراہم کرتی ہے۔
ماہرہ اور سلیم کا مبینہ طور پر پہلی بار 2017 میں ٹیپ میڈ نامی ٹیلی ویژن ایپلی کیشن کے لانچ کے موقع پر آمنا سامنا ہوا تھا۔
ڈسپیچ نیوز ڈیسک کی 2019 کی رپورٹ کے مطابق، 2019 میں ماہرہ خان نے ترکی میں ایک تقریب میں منگنی کی جس میں قریبی دوستوں اور خاندان والوں نے شرکت کی۔ رپورٹ کے مطابق، سلیم نہ صرف کراچی میں قائم سٹارٹ اپ سِم پیسہ کے سی ای او ہیں بلکہ ایک پیشہ ور ڈی جے بھی ہیں۔

شیئر: