پاکستانی فوج کے حاضر سروس لیفٹننٹ جنرل نادرا کے نئے چیئرمین مقرر
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی نگراں وفاقی کابینہ نے فوج کے حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق پیر کو نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین نادرا کے لیے مجوزہ تین ناموں میں سے لفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی کی منظوری دے دی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ سلیکشن کمیٹی نے نادرا کے چیئرمین کے لیے تین بہترین امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کیے تھے۔
کابینہ نے تفصیلی غور خوض کے بعد نادرا کے نئے چیئرمین کے لیے لیفٹننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تقرری کی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی کا نوٹی فکیشن وزارت داخلہ نے جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی فی الفور ہو گی۔
خیال رہے گذشتہ سال مقامی میڈیا میں یہ خبریں زیرگردش تھیں کہ نادرا سے پاکستانی فوج کے کچھ حاضر سروس افسران کا ذاتی ڈیٹا لیک کیا گیا تھا۔