Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ادارے غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں: آرمی چیف

اجلاس میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سمیت دیگر صوبائی حکام نے بھی شرکت کی (فوٹو: آئی ایس پی آر)
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ’غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔‘
فوج کے شعبہ تعلقات عاملہ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں انہیں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے  بریفنگ دی گئی۔
لاہور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی سمیت دیگر صوبائی حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا کو اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور کچّے کے علاقے میں جاری آپریشنز پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
حکام نے اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا۔
آرمی چیف نے زور دیا کہ ’غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں۔ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔‘
اجلاس کے شرکا کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے ان تاریخی اقدامات کے سود مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔‘

شیئر: