Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد رضوان کی غزہ پر ٹویٹ، معاملہ ’آئی سی سی کے دائرہ اختیار سے باہر‘

محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف 121 گیندوں پر 131 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے (فائل فوٹو: پی سی بی/ٹوئٹر)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد غزہ سے متعلق پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ٹویٹ اس کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔
بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر متعدد صارفین اور صحافیوں کی جانب سے کہا گیا کہ آئی سی سی نے محمد رضوان کی ٹویٹ کے حوالے سے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ ’یہ کھیل کے میدان اور آئی سی سی کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔‘
کرکٹ پر گہری نظر رکھنے والے پاکستانی صحافی ساج صادق نے آئی سی سی کا جو بیان شیئر کیا اُس میں مزید لکھا تھا کہ ’یہ ہر کھلاڑی اور ان کے بورڈ پر منحصر ہے کہ وہ اپنے انفرادی پلیٹ فارمز کس طرح استعمال کرتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ منگل کو پاکستان نے حیدرآباد میں سری لنکا کو ورلڈ کپ کے میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد میچ میں سینچری سکور کرنے والے محمد رضوان نے ٹیم کی جیت ’غزہ میں موجود بہن، بھائیوں‘ کے نام کی تھی۔
رضوان کے اس بیان پر خصوصاً انڈین سوشل میڈیا صارفین ناراض نظر آئے اور وہ پاکستانی وکٹ کیپر پر سیاسی بیان جاری کرنے کا الزام بھی لگا رہے تھے۔
تنقید کرنے والوں میں انڈین صحافی وکرانت گُپتا بھی شامل تھے جنہوں نے سوال اُٹھایا تھا کہ ’کیا کرکٹرز پر آئی سی سی ایونٹس کے دوران سیاسی اور مذہبی بیانات جاری کرنے پر پابندی نہیں؟‘
خیال رہے کہ اسرائیل کی غزہ میں حماس کے اہداف پر گولہ باری جاری ہے اور فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ’1200 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہریوں کی ہیں۔‘
دوسری جانب غزہ کے حکام نے کہا ہے کہ ’غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فضائی اور توپ خانے کے حملوں میں 1000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘

شیئر: