Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موبائل فون کی وہ ایپس جن سے آپ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں

کورونا وائرس کی وبا کے دوران بچوں نے آن لائن تعلیم کے لیے موبائل کا استعمال کیا تھا۔ (فوٹو: فری پک)
موسم خزاں شروع ہونے کو ہے۔ اس دوران بعض لوگ وقت گزاری کے لیے مختلف ویڈیو گیمز کا سہارا لیتے ہیں جبکہ کچھ تفریح کی غرض سے سوشل میڈیا پر توجہ دیتے ہیں۔ اگر آپ معلومات میں اضافے کے خواہاں ہیں تو کیوں نہیں ایسے موضوعات کا انتخاب کریں جو آپ کو جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں معلومات فراہم کر دیں جس سے روزگار اور دفتری امور میں سہولت ہو۔
الشرق الاوسط میں اس سلسلے میں ایک مضمون شائع ہوا ہے۔

سمارٹ فون ایک استاد

ذیل میں بعض ایسی ایپلی کیشنز کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں جن سے آپ بہتر طور پر استفادہ کر سکتے ہیں۔ 

نئی زبان کی تعلیم

ماضی قریب میں ایسی بے شمار سمارٹ فونز اپیلی کیشنز متعارف ہوئی ہیں جن کے ذریعے آپ مختلف زبانوں اور موسیقی وغیرہ کی تعلیم بآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔ ان ایپلی کیشنز کا استعمال کورونا وائرس کی وبا کے دوران بہت زیادہ ہوگیا تھا جب ’گھر سے کام‘ کرنے کی نوبت آئی تھی۔
یہ درست ہے کہ مختلف زبانوں کے ترجمہ کے لیے گوگل اور ایپل کی اپنی ایپلی کیشنز موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے تاہم بعض لوگوں نے ورک فرام ہوم کے دوران دوسری زبانیں سیکھنے میں خصوصی دلچسپی لی۔
مختلف زبانوں کو سیکھنے کے لیے متعدد ایپلی کیشنز موجود ہیں جن میں کچھ فری اور معمولی رقم کے عوض بھی یہ سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ ایسی ایپس میں ’ڈولینگو‘، بابل، میمیرائز وغیرہ شامل ہیں جہاں مختلف زبانوں کو سکھانے کے لیے شارٹ کورسسز کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ڈولینگو اور میمرائز ایپس میں بعض کورسز مفت جبکہ کچھ ایڈوانس کورسز معمولی فیس کے عوض پیش کیے جاتے ہیں۔ مذکورہ کورسز انتہائی آسان فہم انداز میں سکھائے جاتے ہیں جن میں لوگوں کی دلچسپی کے پہلوؤں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ 
دوسری جانب بابل اورروزیٹاسٹون ایپس میں ایڈوانس کورسز پیش کیے جاتے ہیں جو فیس کی ادائیگی سے مشروط ہیں تاہم ان کی سالانہ فیس بھی 100 ڈالر سے تجاوز نہیں کرتی۔

مختلف زبانوں کو سیکھنے کے لیے بھی متعدد ایپلی کیشنز موجود ہیں۔ (فوٹو: انسپلیش)

عالمی ثقافت کو دریافت کریں

اگر آپ کی مصروفیت کچھ ایسی ہے کہ آپ روزانہ کم از کم 45 منٹ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہیں تو اس دوران آپ بلومبرگ کنیکٹس اور گوگل آرٹس اینڈ کلچر ایپس کا استعمال کرتے ہوئے دنیا کے عجائب گھروں کا نظارہ اپنے سمارٹ فون پر روزمرہ کے سفر کے دوران کر سکتے ہیں۔
بلومبرگ کنیکٹس میں دنیا کے مختلف ممالک کے بارے میں 200 سے زیادہ فہرست موجود ہے جو ان ممالک کی ثقافت اور وہاں کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرتی ہے ان میں مختصر ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں جنہیں ڈاؤن لوڈ کرنے کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
گوگل آرٹس اینڈ کلچر ایپ میں دنیا کے مختلف ممالک کی تین ہزار سے زائد سیاحتی اور ثقافتی معلومات تصاویر اور ویڈیوز کی صورت میں پیش کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا کے متعدد ممالک کے اہم شہروں اور سیاحتی مقامات کے بارے میں بھی مکمل معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
اینڈرائیڈ اور آئی او ایس فونز پر’ٹی ای ڈی ٹاکس‘ ایپ پر جدید ٹیکنالوجی، سائنس، ثقافت اور دیگر موضوعات کے حوالے سے جدید ترین ریسرچ اور معلوماتی پروگرامز فراہم کیے گئے ہیں جو بالکل مفت ہیں انہیں آپ اپنے فون پر ڈاؤن لوڈ کرکے بعد میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔

کمپیوٹر کی تعلیم

ایپ سٹور پر متعدد ایسی ایپلیکیشنز موجود ہیں جن کے ذریعے آپ سمارٹ فون کی کوڈنگ اورڈی کوڈنگ کے بارے میں اہم معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
سولو لرن‘ ایپ کے ذریعے کمپیوٹر لینگویج کے شارٹ کورسز مفت فراہم کیے گئے ہیں جبکہ ایڈوانس کورسز کے لیے آفرز بھی دی جاتی ہیں جن کی سالانہ فیس 70 ڈالر تک ہوتی ہے۔

موبائل ایپلی کیشنز علم میں اضافے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ (فوٹو: انسپلیش)

خان اکیڈمی‘ جو کہ ایک مکمل غیر منافع بخش گروپ ہے کے ذریعے کمپیوٹرپروگرامنگ، کارٹون ڈیزائننگ اور دیگر موضوعات کے حوالے سے بھی کورسز موجود ہیں جن میں سے بیشتر یوٹیوب پر ہیں جبکہ بعض صرف ان کی ویب سائٹ پر ہی دستیاب ہیں۔

علمی مشقیں

اگرآپ کسی بھی حوالے سے اپنی قابلیت کو جانچنا چاہتے ہیں تو اس حوالے سے ’نالج ٹرینر‘ کے عنوان سے ایپ موجود ہے جس میں مختلف موضوعات پر چھ ہزار سے زائد سوالات پیش کیے جاتے ہیں جن میں سے آپ اپنے مطلوبہ فیلڈ کا انتخاب کرتے ہوئے اس میں اپنی صلاحیت و قابلیت کی جانچ کر سکتے ہیں۔ ایڈوانس ورژن جس میں اشتہارات نہیں ہوتے اسے صرف چھ ڈالر سالانہ فیس کے ساتھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
نالج میں اضافے کے لیے بھی ’دماغی ورزش ‘ کے عنوان سے ایپ موجود ہیں جن کے ذریعے نہ صرف آپ اپنی معلومات میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ کھیل کے ذریعے آپ بہت کچھ سیکھ بھی سکتے ہیں۔ ابتدائی ورژن مفت جبکہ ایڈوانس ورژن کی سالانہ فیس 40 ڈالر ہے۔

شیئر: