رننگ کلبز کی مقبولیت، کیا گروپ میں دوڑنا واقعی ذہنی اور جسمانی صحت بدل سکتا ہے؟
رننگ کلبز کی مقبولیت، کیا گروپ میں دوڑنا واقعی ذہنی اور جسمانی صحت بدل سکتا ہے؟
ہفتہ 31 اکتوبر 2026 7:14
ماہرین کے مطابق ٹانگوں کے پٹھے جسم کے ’دوسرے دل‘ کا کردار ادا کرتے ہیں (فوٹو: بکسابے)
شہروں کے پارکوں، جھیلوں کے کناروں اور کھلی جگہوں پر رننگ کلب تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ بہت سے لوگ دوستی، تفریح اور تازہ ہوا کے لیے ان میں شامل ہوتے ہیں، لیکن اس کا ایک اہم فائدہ بہتر جسمانی صحت بھی ہے۔
خاص طور پر دوڑنا خون کی شریانوں، دل اور مجموعی جسمانی نظام کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔
جدید طرزِ زندگی میں لوگ گھنٹوں دفاتر، گاڑیوں اور سکرینوں کے سامنے بیٹھے رہتے ہیں، جس سے خون کی گردش متاثر ہوتی ہے۔
رننگ کلب لوگوں کو اس جمود سے نکال کر متحرک زندگی کی طرف لے جاتے ہیں۔ دوڑنے یا تیز قدموں سے چلنے سے شریانیں زیادہ لچکدار ہوتی ہیں، بلڈ پریشر متوازن رہتا ہے، اچھے کولیسٹرول میں اضافہ اور نقصان دہ چکنائی میں کمی آتی ہے، جبکہ وزن اور شوگر کو قابو میں رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹانگوں کے پٹھے جسم کے ’دوسرے دل‘ کا کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ وہ خون کو کششِ ثقل کے خلاف واپس اوپر دھکیلنے میں مدد دیتے ہیں۔
دوڑنے سے یہ نظام مضبوط ہوتا ہے جس کے نتیجے میں ٹانگوں میں سوجن، بھاری پن اور خون جمنے کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔ یہ فائدہ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے اہم ہے جو طویل وقت بیٹھ کر کام کرتے ہیں۔
دوستوں کے ساتھ تھوڑی دیر کی دوڑ یا واک بھی دل، خون کی شریانوں اور ذہنی صحت کے لیے نمایاں فوائد فراہم کر سکتی ہے۔ (فوٹو: پکسابے)
گروپ میں دوڑنے کے فوائد صرف جسمانی نہیں بلکہ ذہنی بھی ہیں۔ باقاعدہ دوڑ برداشت اور جسمانی طاقت میں اضافہ کرتی ہے، جبکہ دوستوں اور ہم خیال افراد کے ساتھ وقت گزارنے سے ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے، موڈ بہتر رہتا ہے اور نیند کے معیار میں بہتری آتی ہے۔ بہتر نیند اور کم تناؤ بالآخر دل کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔
رننگ کلب کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ مستقل مزاجی پیدا کرتے ہیں۔ مقررہ اوقات اور جان پہچان کے ساتھی لوگوں کو ورزش جاری رکھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ نئے افراد کے لیے رفتار کو مناسب رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے اور اگر کسی کی طبیعت خراب ہو جائے تو فوری مدد میسر آ سکتی ہے۔
بہت سے رننگ کلب صبح سویرے سرگرمیاں کرتے ہیں، جس سے لوگوں کو جلد سونے اور صحت مند معمول اپنانے کی ترغیب ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ سرگرمیاں الکحل کے بغیر سماجی روابط بڑھانے کا بھی ذریعہ بن رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق رننگ کلب محض سماجی سرگرمی نہیں بلکہ صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کا مؤثر ذریعہ ہیں (فوٹو: انگلینڈ اتھلیٹکس)
ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ 40 سال سے زائد عمر کے افراد یا وہ لوگ جو ذیابیطس، بلند فشار خون یا دل کی بیماریوں کا شکار ہوں، دوڑنے کا پروگرام شروع کرنے سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ کریں۔ آغاز آہستہ آہستہ کیا جائے، مناسب مقدار میں پانی پیا جائے اور جسم کے انتباہی اشاروں کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
ماہرین کے مطابق رننگ کلب محض سماجی سرگرمی نہیں بلکہ صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ دوستوں کے ساتھ تھوڑی دیر کی دوڑ یا واک بھی دل، خون کی شریانوں اور ذہنی صحت کے لیے نمایاں فوائد فراہم کر سکتی ہے۔